کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) کورونا کی تیسری لہر میں اضافے اور خراب معاشی صورت حال کے باوجود رواں رمضان المبارک میں بھی کراچی کے مخیر حضرات نے غریبوں، یتیموں اور مساکین کی امداد کے لیے اپنے دل کے دروازے کھول دیے ہیں۔
فلاحی اداروں کے ساتھ ساتھ مخیر حضرات کی جانب سے بھی کراچی میں محلوں اور مساجدکی سطح پر راشن کی تقسیم کا عمل جاری ہے، راشن تقسیم کرنے والے سہیل بیگ نے ایکسپریس کو بتایا کہ کورونا کی وباکے ساتھ دوسرا سال شروع ہو چکا ہے، گزشتہ سال کورونا لاک ڈاؤن میں رمضان کے مہینے میں بھی مخیر حضرات کی جانب سے مستحق افراد میں بھرپور راشن تقسیم کیا گیا تھا اس سال بھی اس امدادی کام میںکئی گناہ اضافہ ہوا ہے۔
گمنام مخیر حضرات اور سماجی تنظیموں کی جانب سے یکم رمضان سے25 رمضان المبارک تک لاکھوں بے سہارا غریب اور مستحق خاندانوں کی امداد کی جاتی ہے۔ ان خاندانوں میں راشن بیگز اور عید گفٹس تقسیم کیے جاتے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ رمضان المبارک میں ہر صاحب ثروت مسلمان اپنے مال سے زکوۃ نکالتا ہے اس کے علاوہ اللہ کی راہ میں صدقہ ، خیرات نکالے جاتے ہیں اور فطرے اور عطیات کی صورت میں غریبوں ومستحق خاندانوں میں نقدی ، راشن ، کپڑے اور دیگر اشیا تقسیم کی جاتی ہیں، یہ امداد بلا رنگ و نسل قوم اور برادری میں تقسیم کی جاتی ہے۔
کراچی میں سماجی تنظیموں کی جانب سے بھی مخیر حضرات کے عطیات کی مدد سے راشن بیگز کی تقسیم کا کام شرو ع ہو گیا ہے، یہ راشن بیگز رجسٹریشن کے بعد ٹوکن جاری کرنے کی صورت میں مختلف مقامات سے سماجی تنظیمیں غریب اور مستحق خاندانوں کو جاری کرتی ہیں۔
سماجی تنظیم کے رکن عمران الحق کے مطابق ان راشن بیگز کے علاوہ عید گفٹس بھی غریب اور مستحق خاندانوں میں تقسیم کیے جاتے ہیں، ان عید گفٹس مختلف اقسام کے شلوار قمیض اور چپلیں موجود ہوتی ہیں جبکہ ایک ہزار روپے سے 15 سو روپے تک عیدی مختلف سماجی تنظیموں کی جانب سے غریب افراد کو اس عید گفٹس کے ساتھ تقسیم کی جاتی ہے اس کے علاوہ محلوں اور مساجد کی سطح پر بھی مخیر حضرات اپنے غریبوں ، پڑوسیوں اور اہل علاقہ میں یہ راشن بیگز اور عید گفٹس تقسیم کرتے ہیں۔
کراچی میں مخیر حضرات اور این جی اوز کی جانب سے مختلف مالیت کے راشن بیگز اور عید گفٹس تقسیم کیے جاتے ہیں، راشن بیگز میں2 ہزار روپے سے لے کر10 ہزار روپے تک مالیت کا راشن ہوتا ہے، راشن بیگز میں آٹا، چینی، مختلف اقسام کی دالیں، بیسن ، سفید اور کالا چنا ، گھی ، تیل کی تھیلیاں، کھجوریں، چینی، شربت کی بوتل اور دیگر کھانے پینے کی اشیاہوتی ہیں۔
سہیل بیگ نے بتایا کہ یہ راشن بیگز مخیر حضرات اجناس کی بڑی مارکیٹوں ، ڈپارٹمنٹل اسٹور اور علاقائی سطح پر کریانہ کی بڑی دکانوں سے تیار کراتے ہیں، راشن بیگز کی تیاری کے لیے آرڈرز رمضان سے قبل دیے جاتے ہیں اور پھر رمضان میں یہ مرحلہ وار تقسیم کیے جاتے ہیں۔
کراچی میں مختلف سماجی تنظیموں کی جانب سے بڑے پیمانے پر غریب خاندانوں میں راشن بیگز تقسیم کیے جا رہے ہیں یہ راشن بیگز مربوط نظام کے تحت غریبوں میں تقسیم کیے جاتے ہیں، راشن بیگز اور عید گفٹس سیلانی ویلفیئر، الخدمت پاکستان، چھیپا فائونڈیشن، ایدھی فائونڈیشن، القادر فائونڈیشن، خدمت خلق فائونڈیشن، عالمگیر ویلفیئر، المصطفی ویلفیئر ٹرسٹ، جعفریہ ڈیزاسٹر سیل (جے ڈی سی) اور دیگر فلاحی اداروں کی جانب سے تقسیم کیے جا رہے ہیں، یہ امدادی کام رمضان کے آخری عشرے تک جاری رہے گا۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں گمنام مخیر خواتین بھی غریب اور مستحق خاندانوں میں امداد تقسیم کرتی ہیں، یہ امداد زیادہ تر کھارادر ، میٹھا در ، دھوراجی ، حسین آباد ، حیدری ، ڈیفنس ، کلفٹن اور دیگر علاقوں میں تقسیم کی جاتی ہے، اس حوالے سے ایک خاتون فریدہ حیات نے بتایا کہ مخیر خواتین اپنے رشتے داروں اور گھروں میں کام کرنے والی ماسیوں اوردیگرضرورت مندوں میں راشن بیگز اور عید گفٹس تقسیم کرتی ہیں۔