غریب عوام سے محض انتظامی اخراجات وصول کرتے ہوئے ان کے بچوں کی شادیوں کی تقریبات میں معاونت کی جا سکتی ہے۔ یاسر سرفراز

چکوال : رہنما پاکستان تحریک انصاف راجہ یاسر سرفراز خان نے کہا ہے کہ اگر منتخب نمائندے جھوٹے مقدمات درج کروانے کی بجائے غریب عوام کی بہتری کی جانب توجہ دیں تو شہر میں موجود کمیونٹی ہال کو عوامی شادی گھر میں تبدیل کیا جا سکتا ہے جس میں غریب عوام سے محض انتظامی اخراجات وصول کرتے ہوئے ان کے بچوں کی شادیوں کی تقریبات میں معاونت کی جا سکتی ہے لیکن ان تمام معاملات کو عملی جامہ پہنچانے کیلئے ایسی قیادت کی ضرورت ہے جس کے دل میں عوام کے لئے درد ہو انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی جماعتوں کے رہنماؤں کو چاہئے کہ وہ اس کے لئے ایک جامع منصوبہ بنا کر وزیر اعلی پنجاب سے منظور کرواتے ہوئے اس کمیونٹی ہال کو سٹی گورنمنٹ کے حوالے کریں تاکہ کمیونٹی ہال میں غریب لوگوں کے بچوں کی شادیوں کی بکنگ پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیادوں پر انتہائی سستے داموں کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ کمیونٹی ہال شہر کا انتہائی قیمتی اثاثہ ہے جوکہ حکومتی خزانے سے خطیر رقم خرچ کر کے تعمیر کیا گیا ہے اور اسے محض اس لئے ضائع کردینا کہ یہ سردار غلام عباس خان کے دور میں بنا تھا انتہائی سطحی سوچ کی عکاسی کرتا ہے حکمرانوں کو چاہئے کہ وہ سیاسی مخالفت کو ترک کرتے ہوئے علاقے کے عوام کی بھلائی کیلئے سوچیں اگر اس مرتبہ عوام کو رد کر دیا گیا تو آمدہ الیکشن میں عوام انہیں کبھی معاف نہیں کریں گے آخر میں انہوں نے کہا کہ اگر اس منصوبے پر نظر ثانی نہ کی گئی تو پی ٹی آئی کی حکومت آتے ہی یہ اور اس جیسے تمام منصوبے جن سے عوام کی فلاح و بہبود ہوسکے ترجیحی بنیادوں پر عمل میں لائے جائیں گے وہ اپنے پبلک سیکرٹریٹ کوٹ سرفراز خان چکوال میں صحافیوں کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔