غریب عوام کو ریلیف کی فراہمی کے دعوئے کرنے والے حکمرانوں کا مذکورہ اقدام بد ترین عوام دشمنی کے مترادف ہے،روحیل اکبر
Posted on May 19, 2013 By Tahir Webmaster سٹی نیوز
تحریک تحفظ پاکستان کے مرکزی جوائنٹ سیکریٹری اطلاعات روحیل اکبر نے بجلی کے نرخوں میں5 روپے 80پیسے فی یو نٹ اضافہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ اضافہ کی وجہ سے زرعی شعبہ بھی بری طرح متاثر ہوگا ،کیونکہ کسانوں کو زرعی ٹیوب ویلوں کے بجلی کے بلوں کی ادائیگی کے سلسلہ میں پہلے ہی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
اب بجلی کے نرخوں میں مزید اضافہ کسانوں کیلئے مالی پریشانی کا باعث بنے گا جبکہ غریب عوام کو ریلیف کی فراہمی کے دعوئے کرنے والے حکمرانوں کا مذکورہ اقدام بد ترین عوام دشمنی کے مترادف ہے حکومت اس عوام دشمن فیصلہ کو فوری طور پر واپس لے انہوں نے بجلی کی بڑھتی ہوئی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پربھی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس صورتحال کے باعث بڑی صنعتوں سمیت چھوٹی چھوٹی گھریلو صنعتیں بھی بند ہوچکی ہیں۔
لاکھوں افراد بے روزگار ہوکر کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کے باعث طلبا و طالبات سمیت ہسپتالوںمیں مریض بھی اذیت ناک صورتحال سے دوچار ہیں ملک بھر میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بہت زیادہ ہے ،جو یہاں کے عوام کے ساتھ سرا سر زیادتی کے مترادف ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ فوری طور پر ختم کیا جائے ورنہ تحریک تحفظ پاکستان کے کارکنان اور شہری سڑکوں پر نکل کر احتجاج کرنے
پر مجبور ہوجائیں گے۔