اسلام آباد (جیوڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اراکین قومی و صوبائی اسمبلیوں کے مالی اثاثوں کی تفصیلات ویب سائٹ پر جاری کر دی۔ وزیراعظم نواز شریف ایک ارب بیاسی کروڑ روپے کے اثاثوں کے ساتھ امیر ترین پارلیمینٹیرین۔ جمشید دستی کے پاس کوئی جائیداد نہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اثاثوں کی تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے اثاثوں کی مالیت 2 کروڑ 96 لاکھ، 75 ہزار روپے ہے جبکہ جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن 73 لاکھ 18 ہزار روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں۔
مسلم لیگ ق کے رہنماء اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے اثاثوں کی مالیت 19 کروڑ 79 لاکھ روپے ہے جبکہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کے اثاثوں کی مالیت 4 کروڑ 18 لاکھ سے زائد ہے۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کے اثاثوں کی مالیت 2 کروڑ 69 لاکھ روپے ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے مالی گوشواروں میں اپنی جائیداد کی قیمت ظاہر نہیں کی۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق 17 کروڑ 23 لاکھ روپے سے زائد کے اثاثوں کے مالک ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف 42 کروڑ 47 لاکھ روپے اثاثوں کے ساتھ امیر ترین وزیر اعلیٰ ہیں۔
خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کے پاس 23 کروڑ 43 لاکھ روپے کے اثاثے ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک کے اثاثوں کی مالیت 4 کروڑ 4 لاکھ روپے سے زائد ہے جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ 1 کروڑ 62 لاکھ 58 ہزار روپے سے زائد کے اثاثوں کے مالک ہیں۔