کراچی(جیوڈیسک) پاکستان میں پاپ میوزک کی مقبول گلوکارہ نازیہ حسن کی آج 48 ویں سالگرہ ہے،نازیہ حسن3 اپریل1965 کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔ان کے مسحور کن گیتوں نے آج بھی مداحوں کے دلوں میں بسیرا کیا ہوا ہے۔
نازیہ حسن کو 80 کی دہائی میں 15 برس کی عمر میں بھارتی فلم قربانی کے گیت آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے سے زبردست شہرت ملی۔دل موہ لینے والی سریلی آواز، پریوں جیسا حسن اور صلاحیتوں کا جو خزانہ نازیہ حسن کے حصے میں آیا، اسکی لوگ صرف خواہش ہی کرسکتے ہیں۔
نازیہ حسن نے اپنے بھائی زوہیب حسن کے ساتھ پاکستان میں جدید پاپ موسیقی کومقبول بنایا۔ اسی لئے انہیں پاپ میوزک کا بانی تصور کیا جاتا ہے۔نازیہ حسن کی شخصیت اپنے اندر اتنی دلکشی سمیٹے ہوئے تھی کہ انکے ہر گیت، ہر ادا اور ہر انداز نے لوگوں کو اپنی گرفت میں لیا اور آج بھی لوگ ان کو بھول نہیں پائے ہیں۔
13 اگست 2000 کو لندن کے ایک اسپتال میں صرف35برس کی عمر میں یہ سریلی آواز ہمیشہ کے لئے خاموش ہو گئی ،لیکن ان کے گائے ہوئے گانے آج بھی کانوں میں رس گھولتے ہیں۔