پوپ فرانسیس کا یمن میں جنگ بندی کے احترام کی ضرورت پر زور

Pope Francis

Pope Francis

یمن (جیوڈیسک) عیسائیوں کے رومن کیتھولک فرقے کے روحانی پیشوا پوپ فرانسیس نے یمن میں جنگ بندی کے احترام کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ اس جنگ زدہ ملک میں انسانی امداد بہم پہنچائی جاسکے۔

پوپ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’میں تمام متعلقہ فریقوں اور عالمی برادری سے طے شدہ سمجھوتوں کے احترام کی اپیل کرتا ہوں تاکہ متاثرین میں خوراک تقسیم کی جاسکے اور آبادی کی بھلائی کے کام کیے جاسکیں‘‘۔

انھوں نے کہا :’’ مجھے یمن میں انسانی بحران پر گہری تشویش لاحق ہے‘‘۔وہ متحدہ عرب امارات کے تین روزہ تاریخی دورے پر روانہ ہونے سے قبل گفتگو کررہے تھے۔رومن کیتھولک کے کسی روحانی پیشوا کا جزیرہ نما عرب کا یہ پہلا دورہ ہے۔

پوپ فرانسیس ویٹی کن کا سربراہ بننے کے بعد سے دنیا کے دو بڑے مذاہب عیسائیت اور اسلام کو قریب تر لانے کے لیے کوشاں ہیں۔وہ آج کسی وقت ابوظبی پہنچنے والے ہیں اور سوموار کو یواے ای کے ولی عہد سے ملاقات کریں گے۔وہ منگل کے روز ایک بڑے مذہبی اجتماع سے خطاب کریں گے جس میں قریباً ایک لاکھ35 ہزار عبادت گزاروں کی شرکت متوقع ہے ۔