ٹیکسلا (ڈاکٹر سید صابر علی) ہزاروں نفوس پر مشتمل پر آبادی ماڈل ٹائون، انتظار ٹائون مسائل کی آماجگاہ بن گیا ٹی ایم اے ٹیکسلا کی مجرمانہ غفلت نہری پانی سیوریج کے گندے پانی سے آلودہ ہو گیا گلیات میں بنے کھلے مین ہول موت کو دعوت دینے لگے ترقیاتی کاموں میں کرپشن، اقرباء پروری، اپنوں کو نوازنے کی پالیسی عوام کے لئے وبال جان بن گئی کمیشن مافیا کے وارے نیارے تحریری درخواستوں کے باوجود ناقص تعمیرات کا بھی کوئی نوٹس نہیں لیا گیا محکمہ انہارخاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے لگا۔
عوامی مسائل کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے ٹیکسلا میونسپل کمیٹی میں منتخب ہونے والے پی ٹی آئی کے نمائندگان کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے ان خیالات کا اظہار ماڈل ٹائون ٹیکسلا کے باسیوں نے سروے کے دوران کیا سروے میں اظہار خیال کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے منتخب کونسلر سید مہتاب حسین شاہ ،گلزار شاہ،حاجی زاہد رفیق،جاوید قمر شاکر، آصف علی شاہ، اشفاق نقوی، زبیر خان، حافظ طیب، محمد حسن نے بتایا کہ ماڈل ٹائون میں گزشتہ 6 ماہ سے 25 سے زائد سیوریج کے مین ہول کے ڈھکن ٹوٹے ہوئے ہیں گندا پانی گلیوں میں بھرا رہتا ہے متعدد مرتبہ یہاں کے باسیوں نے اسسٹنٹ کمشنر ٹیکسلا اور ٹی ایم او ٹیکسلا کو علاقے کے مسائل سے آگاہ کیا۔
جبکہ اس ضمن میں تحریری درخواستیں بھی دی گئیں لیکن تاحال کوئی شنوائی نہ ہوئی ان کا کہنا تھا کہ ٹیکسلا میں جاری ترقیاتی سکیموں کے تمام ٹھیکہ جات میں 22 فیصد کمیشن وصول کیا جاتا ہے جس میں اسسٹنٹ کمشنر کا 3فیصد، ٹی ایم او کا 2 فیصد، انجینئرز کا 3 سے 5 فیصد جبکہ آڈٹ کرنے والے افراد کے2 فیصد کے علاوہ کلیریکل اسٹاف کا الگ کمیشن ہوتا ہے جبکہ یونیورسٹی کے قریب 80 لاکھ کی خطیر رقم سے پل کی تعمیر مکمل کی گئی جس میں ناقص مٹیریل استعمال کیا گیا جس کی نشاندہی مقامی کونسلر گلزار شاہ نے کی ان کا کہنا تھا کہ ناقص مٹیریل استعمال ہونے کے باعث چند بارشوں میں خطیر رقم سے تعمیر ہونے والا پل زمین بوس ہو جائے گا سید مہتاب حسین شاہ کونسلر پی ٹی آئی نے ٹی ایم اے کے ذمہ داران پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ عوامی مسائل پر کوئی توجہ نہیں دے رہے تمام ترقیاتی کام مسلم لیگ ن کے شکست خوردہ عناصر اور منتخب مسلم لیگ ن کے نمائندوں کے توسط سے کئے جا رہے ہیں سروے کے دوران علاقے کے گھمبیر مسئلہ کو اجاگر کرتے ہوئے باسیوں کا کہنا تھا کہ ماڈل ٹائون اور ملحقہ آبادی کی سیوریج لائن بند ہونے کے باعث گندے پانی کی نکاسی غیر قانونی طور پر لائن بچھا کر نہری پانی میں ڈالی جا رہی ہے جس سے ماڈل ٹائون سے گزرنے والی نہر کا پانی آلودہ ہو چکا ہے جبکہ سیوریج اور تمام گندگی نہر میں جمع ہونا شروع ہو گئی ہے۔
Water Sewerage
ان کا کہنا تھا کہ ٹی ایم اے ٹیکسلا کی انتظامیہ سر عام کرپشن کو فروغ دے رہی ہے اور مسلم لیگ ن کی لونڈی بنی ہوئی ہے ایک لاکھ کے ترقیاتی منصوبے پر صرف30 سے 35 ہزار رقم صرف ہوتی ہے جبکہ باقی ماندہ رقم کمیشن مافیا میں تقسیم ہو جاتی ہے دوسری جانب ماڈل ٹائون سے ملحقہ آبادی انتظار ٹائون میں بھی اسی قسم کی صورتحال سے عوام دوچار ہیں سیوریج کے مین ہول ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جبکہ گندگی کے ڈھیر وبائی امراض کو دعوت دے رہے ہیں اہل علاقہ نے ڈی سی او راولپنڈی متعلقہ حکام اور محکمہ انہار کے ذمہ داران سے اپیل کی ہے کہ عوام کو درپیش مسائل اور غیر قانونی کاموں کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے اور نہری پانی کو سیوریج کے گندے پانی سے آلودہ کرنے کی مجرمانہ غفلت پر ذمہ داران کی سرزنش کی جائے۔