آبادی کے لحاظ سے پاکستان میں سب سے زیادہ تناسب ہونے کے باوجود 87 فیصد شہری اور 85 فیصد دیہاتی خواتین اپنے منتخب نمائندگان کے بارے میں کوئی معلومات نہیں رکھتیں
Posted on September 7, 2013 By Geo Urdu سٹی نیوز
مصطفی آباد (نامہ نگار) آبادی کے لحاظ سے پاکستان میں سب سے زیادہ تناسب ہونے کے باوجود 87 فیصد شہری اور 85 فیصد دیہاتی خواتین اپنے منتخب نمائندگان کے بارے میں کوئی معلومات نہیں رکھتیں، سیاسی حوالے سے خواتین کی معلومات پاکستان میں نہ ہونے کے برابر ہیں، ملک میں خواتین کی شناخت کیلئے قومی شناختی کارڈ بنوانا حکومت کی اولین ذمہ داری ہو ناچاہئے، جبکہ قومی شناختی کارڈ صرف ضرورت کے تحت ہی بنوانا عام رواج ہے جس کی حوصلہ شکنی کرنی ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار ڈویلپمنٹ ڈایمینشن سوسائٹی کے ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ پلاننگ طاہر محمود نے مقامی صحافیوں کے ساتھ ملاقات میں کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ اعداد و شمارڈی ڈی ایس کے زیر اہتمام کئے جانے والے سروے کے حوالے سے ہیں جس میں گھر گھر جا کر شہری اور دیہاتی خواتین سے کئے جانے والے سوالات کے ذریعے ہمارے سامنے آ ئی ہیں۔ جس میں حیران کُن طور پر زیادہ تر خواتین اپنے حلقے کے ایم پی اے اور ایم این اے کا نام تک بھی نہیں جانتی ہیں۔ خواتین پولنگ اسٹیشن پر لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کی وجہ سے اپنا ووٹ بھی کاسٹ نہیں کرتیں اوراکثر تو اپنے خاندان کے سربراھان کی ہدایت پر ووٹ ڈالتی ہیں۔ اس تمام صورت حال میں ڈی ڈی ایس پروجیکٹ سمارٹ ووٹ کے ذریعے نوجوان خواتین کو متحرک اور باشعور بنانے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین جمہوری عمل میں اپنی آزادانہ مرضی سے شامل ہو کر معاشرے کا فعال شہری بن سکیں۔ آگاہی مہم اور مختلف ٹریننگ کے ذریعے نوجوان خواتین کو بااختیار اور فعال بنانے کیلئے کوشش کی جارہی ہیں کہ منتخب نمائندوں سے جوابدہی کے عمل کو مربوط کیا جا سکے تا حقیقی جمہوری روایات کو پروان چڑھایا جا سکے۔ ڈی ڈی ایس کے اس پروگرام کے تحت لاہور اور قصور میں سرگرمیاں جاری ہیں جن میں فعال شہری ہونے کی ٹریننگ، انسانی حقوق کی تربیت، اور رضاکارانہ سرگرمیوں کی تربیت شامل ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان کی سلامتی اور استحکام ہمیشہ مقدم ہے ، پاکستان کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے
مصطفی آباد (نامہ نگار) پاکستان کی سلامتی اور استحکام ہمیشہ مقدم ہے، پاکستان کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے چوہدری سلیمان حنیف نے مصطفی آباد میں یوم دفاع کے حوالے سے ایک تقریب کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈی او سی چوہدری محمد رفیق خادم شہداء مصطفی آباد حاجی محمد یونس رحمانی میاں شفیق احمد سید اسرار احمد زیدی رانا منیر احمد اساتذہ، طلباء، صحافیوں اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم جذبہ حب الوطنی سے معمور ہے اور پاکستان کی سلامتی کے حوالے سے ہمہ وقت چوکنا ہے۔ 1965ء کی جنگ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ جنگ دو ملکوں کے درمیان نہیں بلکہ دو مختلف نظریات کی جنگ تھی۔ دشمن نے جب رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملہ کیا تو پاکستانی فوج کے جوانوں نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر وطن عزیز کا دفاع کیا۔ اس موقع پر ڈی او سی چوہدری محمد رفیق نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وطن کو مضبوط اور مستحکم کرنے کیلئے نوجوانوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر موجود اساتذہ کو نصیحت کی کہ وہ طلبہ و طالبات میں جذبہ حب الوطنی پیدا کریں تا کہ وہ آگے چل کر حب وطن شہری کی حیثیت سے اپنا کردار ادا کر سکیں۔ اس موقع پر مہمانان گرامی نے 1965ء کی جنگ میں 55 شہداء کی قبروں پر حاضری دی اور ان کے بلند درجات کی دعا کی۔ اس موقع پر طلبہ و طالبات کے درمیان یوم دفاع کی مناسبت سے تقریری مقابلہ بھی منعقد ہوا۔ جس میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو انعامات سے نوازا گیا۔ اس موقع پر معززین علاقہ سنیئر صحافی عطاء محمد قصوری، سنیئر صحافی محمد عمران سلفی، سید اسرار احمد زیدی، فتح محمد، ڈسٹرکٹ انفرمیشن آفیسر قصور عبدالوحد، رانا شعبان، الیاس ملک، سرور خاں میئو، چوہدری منصور ودیگر شریک ہیں، ایم این اے چوہدری سلمان حنیف خاں اور ڈی او سی قصور چوہدری محمد رفیق نے تقرری مقابلہ میں حصہ لینے والے بچوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔