پورٹ الزبتھ (جیوڈیسک) جنوبی افریقا نے سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ چھ وکٹوں سے جیت کر آسٹریلیا کے خلاف چار میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر کر لی۔ مین آف دی میچ ربادا کو ضابطے کی خلاف ورزی پر اگلے دونوں میچوں سے آؤٹ کر دیا گیا۔
پورٹ الزبتھ میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ ایک سو ایک رنز کے آسٹریلوی ہدف کو جنوبی افریقا نے چار وکٹ پر پورا کر لیا اور چار میچوں کی سیریز میں پہلی ہار کا بدلہ لے لیا۔
میچ کی خاص بات فاسٹ بولر کیگیسو ربادا کا جوشیلا سٹائل بلکہ آؤٹ پر ردعمل تھا۔ مہمان کپتان سٹیو سمتھ کو ایل بی ڈبلیو کرنے کے بعد ربادا نے انہیں کندھا دے مارا جس کا نوٹس میچ ریفری نے لیتے ہوئے دو ٹیسٹ میچوں کی پابندی عائد کر دی۔
فاسٹ بولر نے یہ کہہ کر آئی سی سی لیول ٹو کی اس سزا کے خلاف اپیل کرنے کا فیصلہ کیا کہ انہوں نے دانستہ ایسا نہیں کیا۔ ربادا اس سے پہلے انگلینڈ، سری لنکا اور بھارتی کھلاڑیوں کے ساتھ بھی ایسا ہی جوشیلا بلکہ بھڑکیلا ردعمل دکھا چکے ہیں۔