کوئٹہ (اصل میڈیا ڈیسک) ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو کی رولنگ کے تحت اپوزیشن اراکین اسمبلی کیخلاف درج مقدمہ واپس لینے کے عمل کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے اپنے بیان میں کہا کہ اپوزیشن اراکین پر مقدمہ واپس لینے کے لیے چیف سیکرٹری کی بھجوائی گئی سمری پر وزیر اعلیٰ کے دستخط کے بعد مقدمات واپس ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت مفاہمت و رواداری کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، اپوزیشن اراکین اسمبلی سے حکومتی وفود ملاقات کرتے رہے ہیں اور ہمیشہ مذاکرات کے عمل کو جاری رکھا گیا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ بلوچستان حکومت سیاسی تناؤ ختم کرکے تمام تر توجہ عوام کے فلاح و بہبود پہ مرکوز کرنا چاہتی ہے۔