کراچی (جیوڈیسک) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کے نزدیک پاکستان کا ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلینا کوئی معمولی بات نہیں اور یہ سب کچھ اچانک نہیں ہوگیا بلکہ یہ مسلسل محنت کا نتیجہ ہے۔
مصباح الحق کا کہنا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم اگر اپنی تاریخ میں پہلی بار عالمی نمبر ایک بنی ہے تو یہ ٹیم ورک اور خود پر یقین کے سبب ہی ممکن ہوسکا ہے۔
مصباح الحق کے نزدیک عالمی رینکنگ میں پہلی بار پہلی پوزیشن حاصل کرنے کی ایک اہم بات یہ بھی ہے کہ پاکستان سنہ 2009 سے اپنی تمام تر انٹرنیشنل کرکٹ ملک سے باہر کھیلنے پر مجبور ہے۔
بحیثیت کپتان وہ پاکستان میں کرکٹ کے شائقین کے جذبات کو ہمیشہ محسوس کرتے آئے ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان کا عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنا ان شائقین کے لیے بھی بہت اہم ہے۔ درحقیقت یہ تمام شائقین کے لیے ایک تحفہ بھی ہے جنھوں نے ہر وقت پاکستانی ٹیم کو سپورٹ کیا ہے۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بھی ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی رینکنگ میں پاکستان کی پہلی پوزیشن پر خوش ہیں۔
اظہرعلی کا کہنا ہے کہ مصباح الحق نے تمام کھلاڑیوں کو مشکل حالات میں مقابلہ کرنا سکھایا ہے
ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہرعلی اس کا کریڈٹ کپتان مصباح الحق کو دیتے ہیں جنھوں نے سنہ 2010 میں مشکل حالات سے دوچار پاکستانی ٹیم کی قیادت سنبھالی اور ٹیم کو اہم کامیابیوں سے ہمکنار کیا۔
اظہرعلی کا کہنا ہے کہ مصباح الحق نے تمام کھلاڑیوں کو مشکل حالات میں مقابلہ کرنا سکھایا ہے۔
اظہر علی بھی اس بات کو بڑی اہمیت دیتے ہیں کہ پاکستانی ٹیم اپنے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیل پا رہی ہے لیکن اس کے باوجود اس نے مختلف کنڈیشنز میں کھیلتے ہوئے غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
غور طلب بات یہ ہے کہ اظہر علی نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کی ابتدا سنہ 2010 میں کی تھی اور ابھی تک وہ پاکستان میں کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیل پائے ہیں۔
اظہرعلی کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم کی عمدہ کارکردگی میں کئی نام یاد آتے ہیں جن میں سعید اجمل، عبدالرحمن، جنید خان اور عمرگل بولنگ میں قابل ذکر رہے ہیں جبکہ بیٹنگ میں یونس خان سب سے نمایاں رہے ہیں۔ مصباح الحق اور اسد شفیق نے بھی عمدہ بیٹنگ کی ہے۔
یاسر شاہ کا کہنا ہے کہ مصباح الحق بڑے ٹھنڈے دماغ والے کپتان ہیں اظہرعلی کا کہنا ہے کہ کوچنگ سٹاف کی محنت کو کسی طور نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ ان سب کی کوششوں کے نتیجے میں ہی آج پاکستانی ٹیم اس مقام پر پہنچنے میں کامیاب ہوسکی ہے۔
پاکستانی ٹیم کے لیگ سپنر یاسر شاہ کا کہنا ہے کہ انھیں فخر ہے کہ وہ اس ٹیم کا حصہ ہیں جو عالمی نمبر ایک بنی ہے۔
یاسر شاہ کا کہنا ہے کہ انھوں نے اپنی تمام تر کرکٹ مصباح الحق کی کپتانی میں کھیلی ہے انھیں پتہ ہے کہ کس کھلاڑی کی صلاحیت سے کیسے فائدہ اٹھانا ہے۔وہ بڑے ٹھنڈے دماغ والے کپتان ہیں۔
یاسر شاہ کہتے ہیں کہ جب وہ ٹیم میں آئے تھے تو ٹیم کچھ ڈاؤن تھی جس کا سبب سعید اجمل پر بولنگ ایکشن کے سبب لگنے والی پابندی تھی۔ انھیں اس بات کی خوشی ہے کہ ان کی کارکردگی ٹیم کے کام آئی ہے۔