دو عہدوں کا معاملہ، معین خان اور پی سی بی کے درمیان سرد جنگ

Moin Khan

Moin Khan

لاہور (جیوڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے مینجر اور چیف سلیکٹر معین خان اور پی سی بی کے درمیان دو عہدوں کے معاملے پر سرد جنگ جاری ہے، معین منیجرکا عہدہ چھوڑنے کو تیار نہیں، پی سی بی اور معین خان میں ٹھن گئی، دونوں عہدوں سے فارغ کیے جانے کا امکان، پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان معین خان سے مینجر کا عہدہ واپس لینے اور انہیں سلیکشن تک محدود رکھنے کا فیصلہ کر لیا۔

لیکن معین خان ٹیم منیجر کا عہدہ اپنے پاس رکھنے پربضد ہیں، معین خان کی ضد نے پی سی بی کو انتہائی اقدام اٹھانے پر مجبور کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سابق کپتان کو دونوں عہدے بچانے کے لالے پڑ گئے ہیں۔ اگر وہ مینجر کا عہدہ نہیں چھوڑتے تو ممکن ہے کہ انہیں چیف سلیکٹر کی پوسٹ سے بھی ہاتھ دھونا پڑیں گے۔ جس کا حتمی فیصلہ گورننگ بورڈ کے اجلاس میں متوقع ہے۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق معین خان کی بطور منیجر خدمات تسلی بخش نہیں، انہوں نے مبینہ طور پر کپتانی کے بحران کو ہوا دی، جس سے پی سی بی کے حکام بھی خوش نہیں ہیں۔