اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کا مثبت تاثر دنیا بھر میں اجاگر کرتا رہوں گا، جہاں بھی گیا سب پر واضح کیا کہ ملک کھیلوں کے لیے محفوظ ہے۔
پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلیے منعقدہ تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عامر خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کھیلوں کیلیے ایک محفوظ ملک ہے، میں دنیا میں اس کا مثبت تاثر اجاگر کرنے کے لیے سرگرم رہتا ہوں۔
انھوں نے بتایا کہ آئندہ سال میرا بھائی ہارون خان پاکستان آکر باؤٹ میں حصہ لے گا، ملک میں لامحدود ٹیلنٹ موجود مگر اسے نکھارنے کی ضرورت ہے، میں پاکستانی باکسرزکا ٹیلنٹ دنیا بھر کے سامنے لاؤں گا جس کے لئے میری خدمات ہمیشہ حاضر ہیں، ملک کو جب بھی میری ضرورت ہو گی فورا چلا آؤں گا۔
ایک سوال پر عامر خان نے کہا کہ میں آئندہ سال مارچ میں شیڈول ورلڈ باکسنگ باؤٹ میں کامیابی کے لیے انتہائی پُر امید لیکن اس کے باوجود حریف کو آسان نہیں سمجھتا، خواہش ہے کہ میری فائٹ پاکستان میں براہ راست دکھائی جائے۔ عامر خان نے کہا کہ اے پی ایس پشاور کا سانحہ انتہائی افسوسناک ہے۔
مجھے جب یہ ہولناک خبر ملی تو امریکا میں ایک ایونٹ کھیل رہا تھا لیکن فوری طور پر شہدا کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے پشاور آنے کا فیصلہ کیا، بعض ساتھیوں نے نازک صورتحال کے پیش نظر جانے سے روکا لیکن اس سانحے پر میرا دل بہت دکھی تھا اس لیے خود کو روک نہیں پایا اور فوری طور پرپشاور پہنچ کر زخمی بچوں اور شہدا کے والدین سے اظہار یکجہتی کیا۔ انھوں نے کہاکہ اسلام امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، اس مذہب میں دہشتگردی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔