قبضہ مافیا کی طرف سے سکول ٹیچر پر فائرنگ کے خلاف ٹیچرز یونین نے احتجاجی ریلی نکالی اور مین چوک کلرکہار میں دھرنا دیا
Posted on July 8, 2013 By Noman Webmaster سٹی نیوز
چکوال : قبضہ مافیاکی طرف سے سکول ٹیچر پر فائرنگ کے خلاف ٹیچرز یونین نے احتجاجی ریلی نکالی اور مین چوک کلرکہار میں دھرنا دیا۔ گزشتہ دنوں گورنمنٹ پرائمری سکول سنبل تحصیل کلرکہار کے ہیڈ ماسٹر محمد صفدر نے سکول کی زمین پر قبضہ کے خلاف اپنی آواز اٹھائی جس کی وجہ سے انہیں فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا گیا۔
جس پر ٹیچر ز یونین نے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول کلرکہار سے ریلی نکالی جومین چوک کلرکہار میں اختتام پذیر ہوئی جہاں پر ٹیچرز نے دھرنا دے کر روڈ بلاک کر دیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر قبضہ مافیا کے خلاف بیانات درج تھے۔
احتجاجی مظاہرہ کے اختتام پر پنجاپ ٹیچرز یونین نے نائب صدر احمد شیر ،ضلعی نائب صدر نصیر احمد، شفقت حسین اور امیر زمان سمیت دیگر اساتذہ نے خطاب کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا اور انتظامیہ کو تین دن تک وقت دیتے ہوئے کہا کہ اگر ملزمان کو فوری گرفتار نہ کیا گیا تو اس پرامن احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی حکومت کے حکم کے تحت ہیڈ ماسٹر محمد صفدر سکول کی مقبوضہ اراضی کو واگزار کرانے کے لیے اپنے فرائض سرانجام دے رہے تھے جس کی وجہ سے انہیں فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیاگیا۔ٹیچرز یونین نے چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری سمیت وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ملزمان کو فوری طورپر گرفتار کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔