نیویارک (جیوڈیسک) امریکا میں پاکستانیوں کو جعلی اسکیم کا جھانسا دینے والے فرنچائز اسٹورز پر چھاپے مار کر پاکستانیوں سمیت 9 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ امریکی وفاقی ادارے نے نیویارک اورور جینیا میں غیر قانونی تارکین وطن کو کو ملازمت دینے کے الزام میں فرنچائز کے 14 ڈیپارٹمنٹل اسٹوروں پرچھاپے مارے اورخاتون سمیت 9مالکان اور منیجرز کو حراست میں لے لیا ہے۔
نیویارک ڈسٹرکٹ اٹارنی نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ جعلی اسکیم کے تحت ایسے پاکستانی اور فلپائنی باشندے جن کی ویزے کی مدت ختم ہو چکی تھی انھیں ہائر کیا جاتا، پے رول سسٹم کے ذریعے انھیں شناخت دی جاتی جس میں ان ورکروں کے بارے میں غلط معلومات دی جاتیں اور ان کے اصل نام ظاہر نہیں کیے جاتے بلکہ انھیں چوری کی گئی شناخت دی جاتی تھی۔
اسٹورز مالکان ان ملازمین سے کم اجرت پر زیادہ سے زیادہ کام لیتے، انھیں نوکری سے نکالنے اور امریکا سے بے دخل کرانیکی دھمکیاں دے کر خاموش رہنے پر مجبور کرتے تھے۔ نیویارک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس اسکیم کے تحت اسٹورز مالکان نے لاکھوں ملین ڈالرکا منافع کمایا۔