اسلام آباد (جیوڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے آلو کی برآمد پر 25 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کردی ہے۔
اس ضمن میں ایف بی آر کی طرف سے باضابطہ طور پرنوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے تحت درآمد کنندگان کو 5 مئی 2014 سے 31 جولائی 2014 تک بغیر کسٹمز ڈیوٹی کے 2 لاکھ میٹرک ٹن آلو درآمد کرنے کی اجازت بھی دی گئی ہے جبکہ اس بارے میں ایف بی آر حکام کا کہنا ہے۔
کہ آلو کی برآمد پر 25 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کرنے اور درآمد کے لیے ڈیوٹی کی چھوٹ دینے کا نوٹیفکیشن آلو کی قیمتوں میں کمی کیلیے ای سی سی کے فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے جاری کیا گیا ہے تاکہ رمضان المبارک کے دوران دیگر اشیائے خورونوش کی طرح آلو بھی عوام کو سستے داموں دستیاب ہوسکیں۔