نیویارک (جیوڈیسک) شام نے اپنے ملک پر ممکنہ امریکی حملے کے خلاف اقوام متحدہ سے رجوع کر لیا۔ جب کہ روس نے شامی حکومت کی جانب سے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی امریکی رپورٹ مسترد کر دی۔ اقوام متحد ہ میں شام کے سفیر بشار جعفری نے اقوام متحدہ کے نام خط میں لکھا ہے کہ شام کیخلاف امریکی جارحیت کو روکنے کیلئے عالمی ادارہ اپنا کردار ادا کرے۔ شامی نائب وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ شام پر مجوزہ امریکی فوجی حملہ القاعدہ اور اس کے حلیفوں کی مدد کرنے کے مترادف ہوگا۔ روس اور چین نے ایک بار پھر شام پر حملے کی تجویز کو رد کردیا ہے۔
روس نے بحیرہ اسود سے اپنا بحری جاسوس جہاز شام کے ساحل پر پہنچا دیا ہے۔ وزیر خارجہ سر گئی لاروو نے کیمیائی ہتھیاروں کے امریکی ثبوتوں کو غیر تسلی بخش قرار دیا ہے۔ چین کا کہنا ہے کہ امریکا شام پر یک طرفہ فوجی حملے سے باز رہے، اور شام کے بحران کو پیچیدہ کر کے مشرق وسطی کو اس آگ میں نہ دھکیلے۔