کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں زندہ مرغی اور اسکے گوشت کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز ایک بار پھر زندہ مرغی کی قیمت میں 6 اور گوشت کی فی کلو قیمت میں 9 روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے، اس طرح گزشتہ 20 دنوں میں مرغی کے گوشت کی قیمت 77 روپے فی کلو تک بڑھ چکی ہے ۔
منگل کو کراچی کیلئے زندہ مرغی کی سرکاری قیمت 178 روپے فی کلو سے بڑھا کر 184 روپے فی کلو اور مرغی کے گوشت کی سرکاری قیمت 276 روپے کلو سے بڑھا کر 285 روپے کلو کر دی گئی ، گزشتہ 3 ہفتے میں تیزی کیساتھ مرغی کے گوشت کی قیمت میں اضافہ کیا گیا جبکہ حیرت انگیز امر یہ ہے کہ جب بھی سرکاری قیمت میں اضا فہ ہوا شہر میں اس قیمت پر کبھی گوشت فروخت نہیں ہوا بلکہ سرکاری نرخ سے زائد قیمت پر مرغی کا گوشت فروخت ہوتا رہا۔
مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت بھی مرغی کا گوشت 300 روپ فی کلو سے زائد قیمت پر فروخت کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے مرغی کا گوشت ایک عام آدمی کی پہنچ سے دو رہو چکا ہے ۔ دوسری جانب سندھ کے ضلع سجاول جہاں سیکڑوں مرغی فارم قائم ہیں میں چند روز قبل پراسرا ر بیماری سے مرغیوں کی اموات کے بعد وہاں بھی زندھ مرغی اور اسکے گوشت کی قیمت بڑھ گئی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ سجاول کے سیکڑوں مرغی فارمز سے اب بھی یومیہ ہزاروں کی تعداد میں مرغیاں کراچی کوسپلائی کی جارہی ہے تاہم کراچی میں منافع خوری کے باعث قیمتوں میں اضافے کا رجحان ہے اور قیمتوں پر انتظامی کنٹرول نہ ہونے سے مرغی فروش بے لگام ہو گئے ہیں۔