غربت سے نفرت ہر شہری کا ایجنڈا ہونا چاہیے، وزیراعلی بلوچستان

Chief Minister Balochistan

Chief Minister Balochistan

ڈیرہ بگٹی (جیوڈیسک) وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک نے کہا ہے کہ غربت سے نفرت کرنا بلوچستان کے ہرشہری کا ایجنڈا ہونا چاہیے۔ سوئی میں کیڈٹ کالج کی تقریب سے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کے خطاب کے بعد وزیراعلی بلوچستان نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج میری حکومت کا ایجنڈا بلوچستان کے غریب عوام کا ایجنڈا ہے۔

بلوچستان میں اگر کسی چیز کی کمی ہے تو وہ تعلیم ہے، آج ہم مشکل حالات سے گزررہے ہیں، خواہش ہے ڈیرہ بگٹی اور سوئی میں امن قائم ہو، بگٹی معتبرین سے گزارش ہے سب مل کر جہالت، غربت سے نفرت کریں۔ وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان میں نوکریاں مقامی لوگوں کا حق ہے، اس کے لیے لڑوں گا، اگرمقامی لوگوں کو نوکریاں نہ ملی تو سمجھوں گا ذمے داری پوری نہیں کی، ہم صوبے میں 3میڈیکل کالجز اور2 یونیورسٹیاں بنارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو کرپٹ اور مفت خور لوگوں نے تباہ و برباد کر دیا، بلوچستان میں مافیا کو ختم کرنا ہوگا۔ وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے سوئی ملٹری کالج کے کیڈٹس کے لیے ایک کروڑ روپے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے بغیر ہم کچھ بھی نہیں ہیں، بلوچستان کے وسائل پرپہلا حق بلوچستان کے غریب افراد کا ہے، ہمارا ایجنڈا غربت اور بے امنی کے خلاف لڑنا ہونا چاہیے۔

پی پی ایل، او جی ڈی سی کو فنڈز مقامی افرادکی فلاح کیلئے خرچ کرنا ہوں گے، ڈیرہ بگٹی کے عوام اپنی سر زمین پرآجائیں، ہر قسم کا تعاون کریں گے، ہم سب مل کر چینلنجز کا مقابلہ کریں گے۔