کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان راجونی اتحاد میں شامل ایم آر پی چیئرمین امیر پٹی ‘ خاصخیلی رہنما سردار غلام مصطفی خاصخیلی ‘ سولنگی رہنما امیر علی سولنگی ‘راجپوت رہنما عارف راجپوت ‘ ارائیں رہنما اشتیاق ارائیں ‘ مارواڑی رہنما اقبال ٹائیگر مارواڑی ‘ بلوچ رہنما عبدالحکیم رند ‘ میمن رہنما عدنان میمن‘ہیومن رائٹس رہنما امیر علی خواجہ ‘خان آف بدھوڑہ یحییٰ خانجی تنولی ‘ این جی پی ایف چیئرمین عمران چنگیزی و دیگر نے کہا ہے کہ قومی خوشحالی کے نام پر تکمیل ہوس تعیش پرستی کیلئے ملک و قوم کو عالمی سامراجی اداروں کے ہاتھوں گروی رکھنے والوں نے آئی ایم ایف کے اشارے پر پی آئی اے اور دیگر قومی اداروں کی نجکاری کے فیصلے کے ذریعے آئی ایم ایف کو کاسہ لیسی و گھٹنے ٹیکنے کا جو پیغام دیا تھا۔
یہ اسی کا اثر ہے کہ تاجروں پر ود ہولڈنگ ٹیکس عائد کرانے کے بعد اب آئی ایم ایف نئی قسط کے اجراءکیلئے نئی شرائط عائد کررہا ہے اور قوم جانتی ہے کہ حکمران عوام کو نئے ٹیکسوں تلے ڈبوکر آئی ایم ایف کی ان شرائط کی تکمیل کا سامان بھی کر ہی دینگے۔
کیونکہ پانامہ پیپرز نے یہ ثابت کردیا ہے کہ مقتدر افراد ٹیکس نہیں دیتے بلکہ عوام کے دیئے ٹیکسوں سے بھرنے والے قومی خزانے کو لوٹ مار کے ذریعے خالی کرنے کے نئے نئے ریکاردز بنانے میں مصروف رہتے ہیں اسلئے جب تک یہ استحصالی و بالادست طبقات حکمران رہیں گے ملک و قوم اسی طرح عالمی سرمایہ داروں کے ہاتھوں یرغمال بنے ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبے سسکتے رہیں گے جب تک ان کا دم نہ نکل جائے یا وہ ان حکمرانوں سے چھٹکارہ نہ پالیں۔