وفاقی وزیر پانی و بجلی چوہدری احمد مختار نے کہا ہے کہ ایک ہفتہ پہلے کے پاور بریک ڈان کی تحقیقات جاری ہیں ،ذمہ داروں کو قابل واقعی سزا دی جائے گی۔ ایف سی کالج کے سالانہ عشائیہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری احمد مختار نے کہا کہ گردشی قرضوں کے خاتمے کے لئے تمام تر اقدامات کیے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کوئلے اور گنے کے پھوگ سے بھی بجلی پیدا کرنے پر کام ہو رہا ہے ۔
چوہدری احمد مختار نے کہا کہ چوہدری برادران میرے حلقے سے الیکشن لڑنا چاہتے ہیں، میں نے انیس سال اس حلقے کو دیئے ہیں مگر کوئی فیکٹری نہیں لگائی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے بھائی احمد سعید ن لیگ میں شامل نہیں ہوئے۔ ایک سوال کے جواب میں احمد مختار نے کہا کہ اگر روس اور بھارت کے ایران کے ساتھ تعلقات پر پابندیاں نہیں لگتیں تو پاکستان پر کیسے لگ سکتی ہیں۔