اقتدار میں کاروبار نہیں کیا جا سکتا، حکومت ملی تو قانون بنائیں گے: عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

فیصل آباد (جیوڈیسک) عمران خان نے فیصل آباد میں پی ٹی آئی کی ٹیکسٹائل پالیسی کا اعلان کرنے کیلئے منعقد کردہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں کوئی فیکٹری نہیں کھولی، اقتدار میں آ کر کاروبار نہیں کیا جا سکتا، حکومت ملی تو قانون بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم صنعتکاروں کیلئے آسانی پیدا کریں گے تاکہ روزگار پیدا ہو سکے، کوئی بھی ملک تخلیقی عمل کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا، ہمیں غربت کا خاتمہ کرنا ہو گا کیونکہ جمہوری حکومت کا اصل مقصد ملک سے غربت ختم کرنا ہوتا ہے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ یہاں کے سرمایہ کار دبئی جا کر سرمایہ کاری کر رہے ہیں، کوئی بھی ملک بغیر ایکسپورٹ کے ترقی نہیں کر سکتا، مارچ کے آخر میں ہمارا وفد چین جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ٹیکسٹائل کی آخری پالیسی نہیں ہے، اس کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

بعد ازاں، چیئرمین پی ٹی آئی نے آئی ایس ایف کنونشن سے بھی خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انڈسٹریز کیلئے ماہرین کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں، معیشت کا حال آپ لوگوں کے سامنے ہے، پختونخوا میں مزدوروں کے حقوق کیلئے کام کر رہے ہیں، لوگوں کو غربت سے نکالنا اصل مقصد ہے، سیاستدانوں کے پاس شوگر ملز ہیں جبکہ عوام پس رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی کا وفد مارچ میں غربت کے خاتمے سے متعلق چینی اقدامات معلوم کرنے کیلئے چین جائے گا، انڈسٹری کی بندش کی وجہ سے اہداف کا حصول نہیں ہو رہا اور کسی نے اس پر توجہ نہیں دی، چین نے 70 کروڑ افراد کو غربت سے نکالا، وہاں پیسہ عوام پر خرچ کیا گیا، ہمارا مقصد عوام کو غربت سے نکالنا ہے، عوام پر خرچ کرنا بہت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں گیس اور بجلی سستی ہے، اس لئے ان کی صنعتیں ترقی کر رہی ہیں، ملک کی ترقی کیلئے غربت کا خاتمہ کرنا ہو گا، لوگوں کو غربت سے نکالنا ہو گا، کرپشن کی وجہ سی دبئی میں سرمایہ کاری ہو رہی ہے، کرپشن کم ہو گی تو تب لوگ سرمایہ کاری کریں گے۔