حیدرآباد (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ حیدرآباد زون کے انچارج نوید شمسی و اراکین زونل کمیٹی نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ حکمرانوں کی جانب سے طاقت کا منفی استعمال جمہوریت کی نفی کرتا ہے، جمہوری دور میں مظاہرین پر شیلنگ، لاٹھی چارج، فائرنگ اور میڈیا کے نمائندوں پر تشدد نے بادشاہت کے دور کی یاد تازہ کر دی ہے، انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلاف رائے اور عوام کا احتجاج جمہوریت کا حسن ہوتے ہیں، جمہوری حکومت تنقید اور الزامات کا صبر و تحمل اور برداشت سے مقابلہ کرتی ہے مگر اسلام آباد میں جاری دھرنوں پر حکومت کی جانب سے طاقت کے منفی استعمال نے ملک کو نفرتوں اور انتشار کی آگ میں جھونک دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے دلوں پر حکمرانی کرنے والے ہی حقیقی جمہوری قائدین ہوتے ہیں، اپنے منصب کو قائم رکھنے کےلئے ملک کو انتشار اور انارکی کی جانب دھکیلنے والے ملک، قوم اور جمہوریت کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے۔ حیدرآباد کے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی صابر حسین قائم خانی نے بزرگوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہےکہ حق پرست اراکین قومی و صوبائی اسمبلی الطاف حسین کی ہدایت پر بلاتفریق عوام کے مسائل کے حل کے لئے ہر وقت کوشاں ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں عوام کو سبز باغ دکھا کر لوگ شارٹ کٹ کے راستے اقتدار میں آنا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ملک میں تبدیلی صرف نعروں سے نہیں آسکتی اس کے لئے عملی جدوجہد اور قربانیوں کی ضرورت ہوتی ہے، الطاف حسین پاکستان میں حقیقی جمہوریت کے لئے جدوجہد کررہے ہیں۔
متحدہ قومی موومنٹ سکھر زون کے زونل انچارج شہزادہ گلفام و اراکین زونل کمیٹی نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ عوامی مسائل کا حل متحدہ قومی موومنٹ کی ترجیحات میں شامل ہے اور متحدہ قومی موومنٹ ایک ایسے سیاسی نظام کے قیام کے لئے کوشاں ہے جس سے عوام کے تمام مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوسکیں، انہوں نے کہا کہ مظلوم عوام کو ظلم و جبر اور مایوسی کے اندھیروں سے نکالنے کے لئے تعلیم یافتہ اور باشعور افراد کو میدان عمل میں آکر جدوجہد کا آغاز کرنا ہوگا اور ظلم و زیادتی کے بل بوتے پر حکمرانی کرنے والے موروثی سیاستدانوں کی اصل حقیقت سے عو ام کو آگاہ کرنا ہوگا۔ ایم کیو ایم میرپورخاص کے زونل انچارج مجیب الحق اور حق پرست رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر ظفر کمالی نے کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد میں پر امن مظاہرین پر فائرنگ، شیلنگ اور صحافیوں پر غیر انسانی تشدد سرا سرآمرانہ فعل ہے۔
قائد تحریک الطاف حسین ملک کو استحصالی عناصر کے خونی پنجوں سے نجات دلائیں گے، انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم ملک کی واحد جماعت ہے جس نے غریب و متوسط طبقے سے جنم لیا اور قائد تحریک الطاف حسین نے ہمیشہ استحکام پاکستان کے لئے مذہبی رواداری، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کا درس دیا اور اس کے لیے عملی جدوجہد کی، انہوں نے کہا کہ کرپٹ سیاسی نظام کے خاتمے تک ملک کے حالات اور عوام کی قسمت نہیں بدل سکتی، عوام لسانی و علاقائی تفریق بالائے طاق رکھ کر استحصالی عناصر کے خلاف متحد ہوجائیں۔