اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نوازشریف کے ترجمان مصدق ملک کا کہنا ہےکہ کابینہ کے مثبت فیصلوں کے باعث عوام کی زندگی میں سہولت پیدا ہورہی ہے جب کہ حکومت آئندہ ایک دو روز میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کا بھی اعلان کرے گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کے ترجمان نے کہا کہ تحریک انصاف سے مذاکرات غیر مشروط طور پر ہورہے ہیں جس کے لیے رابطے ہوچکے،مذاکراتی عمل کو معنی خیز طریقے سے آگے بڑھائیں گے اور دونوں فریقین کے درمیان بات چیت سے جمہوریت مستحکم ہوگی۔
انہوں نےکہا کہ حکومت نے 12 سے 14 ماہ کے دوران عوام کی بہتری کے لئے بہت کام کیا اور کابینہ کے ان ہی مثبت فیصلوں کے باعث عوام کی زندگی میں آسانیاں پیداہورہی جب کہ حکومت آئندہ ایک دو روز میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کا بھی اعلان کرے گی۔
وزیراعظم کے ترجمان کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج نےبے مثال کامیابیاں حاصل کی ہے اور اب یہ آپریشن ا پنے آخری مرحلے میں داخل ہوچکا ہے۔
جب کہ آپریشن کے دوران نقل مکانی کرنے والے افراد نے قوم کے لئے قربانیاں دیں، حکومت ان کی اپنے علاقوں میں دوبارہ آبادکاری کے لئے محفوظ ماحول کرنے کے ساتھ تمام سہولیات بھی فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے وزیراعظم کی نا اہلی کے خلاف دائر تمام درخواستوں کو مسترد کردیا ہے جس کے بعد تمام سچائی سامنے آگئی ہے۔