اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک میں بجلی کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے، شارٹ فال 6ہزار میگاواٹ سے بھی تجاوز کرگیا، لیسکو کی طلب بجلی کوٹے سے ڈبل ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کی پیداوار 13 ہزار میگاواٹ جبکہ طلب 19 ہزار میگاواٹ ہے، اکثر پاور ہاؤسز تیل کی قلت سے دوچار ہیں اور ڈسٹری بیوشن کمپنیاں غیراعلانی لوڈ شیڈنگ پر مجبور ہیں، موسم بہتر نہ ہوا تو لوڈ شیڈنگ بھی کم نہیں ہوگی۔
ادھر لیسکو چیف راؤ ضمیر کا کہنا ہے کہ کمپنی کا بجلی کوٹہ 2647 میگاواٹ ہے جبکہ طلب 4700 میگاواٹ سے تجاوز کرگئی ہے، سسٹم اوور لوڈڈ ہے، اسے بند کر کے بچانے کی کوشش کررہے ہیں، کوشش ہے کہ سحری، افطاری کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ نہ کی جائے، صارفین بھی بجلی کا غیر ضروری استعمال نہ کریں۔