اسلام آباد (جیوڈیسک) بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں نے لوڈ شیڈنگ سے متعلق مشترکہ جواب سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا۔ تقسیم کارکمپنیوں کا کہنا ہے کہ جون، جولائی اور اگست میں بجلی کی صورتحال بہتر ہو جائے گی۔ اسلام آباد بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں نے لوڈ شیڈنگ سے متعلق جواب میں موقف اختیار کیا ہے کہ ملک بھر میں بجلی کی مساوی تقسیم کی جا رہی ہے۔
دریائے سندھ اور جہلم میں پانی کے بہا میں اضافہ کے بعد بجلی کی پیداوار بھی بڑھ گئی ہے۔ عدالت کو جمع کرائے گئے جواب میں تقسیم کار کمپنیوں کا کہنا تھا کہ ملک میں اس وقت بجلی کی مجموعی پیداوار بارہ ہزار پانچ سو میگاواٹ ہے۔ گدر، اوچ اور دیگر پاور پلانٹس کی خرابی کے باعث ہونے والی لوڈ شیڈنگ پر قابو پا لیا ہے۔
جبکہ بجلی گھروں کو فرنس آئل اور گیس کی سپلائی بھی ممکن بنائی جا رہی ہے۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ تین جون کو لوڈ شیڈنگ سے متعلق کیس کی سماعت کرے گا۔