اقتدار کے لالچ میں پاکستانیوں کو ملک کے وسیع تر مفاد میں یونہی بیوقوف بنایا جاتا رہے گا، روحیل اکبر
Posted on July 29, 2013 By Geo Urdu سٹی نیوز
تحریک تحفظ پاکستان کے مرکزی رہنما روحیل اکبر نے کہا ہے کہ اقتدار کے لالچ میں پاکستانیوں کو ملک کے وسیع تر مفاد میں یونہی بیوقوف بنایا جاتا رہے گاجس طرح شروع سے لیکر اب تک بنا جارہا ہے کل کے بھائی آج کے مخالف بن چکے ہیں اور جو کل ایک دوسرے سے دست وگریبان تھے انہوں نے ملک کے وسیع تر مفاد میں ایک دوسرے کو گلے لگا کر ثابت کردیا ہے کہ پاکستانیوں کی قسمت کے فیصلے کہیں اور ہی ہوتے ہیں۔
اپنے ایک جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ابھی کل ہی کی بات ہے کہ آصف علی زرداری اور میاں نواز شریف ایک دوسرے کو بڑا بھائی بول رہے تھے اور یہ بھی ابھی اتنی پرانی بات نہیں ہوئی جب متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم )اور مسلم لیگ (ن) کے لیڈر آپس میں دست وگریبان تھے ایک دوسرے کے گھروں تک کو تنقید کانشانہ بنایا جاتا رہا مگر جب بات مفادات کی ہوتو اس وقت سب گلے شکوے گلے لگا کر ختم کردیے جاتے ہیں۔
اگرپاکستان میں اسی طرح کی سیاست بازی ہونی ہے تو پھر ملک کے حالات سدھرتے ہوئے نظر نہیں آتے کیونکہ جن حکمرانوں کے قول فعل میں تضاد ہو جو اپنی کہی ہوئی بات پر قائم نہ رہ سکیں اور تو اور ایک دوسروں پر ذاتی حملے کرنے والے وقت پڑنے پر ایک دوسرے کو بھائی بنا لیں توبیچاری غریب اور پسماندہ قوم کی اس سے بڑی بدقسمتی اور کیا ہوسکتی ہے کہ مستقبل کے سنہری خواب دکھانے والوں نے اپنا مستقبل سنہری بنا لیا اور جن سے ووٹ لیے تھے ان کو ایک بار پھر انہی کے حال پر چھوڑ دیا گیا۔