لاہور (جیوڈیسک) ملک میں بجلی کا بحران ایک بار پھرشدت اختیار کرنے لگا، تیل کے بعد گیس کا مسئلہ بھی بڑھ گیا ہے ، 4 پاور ہاوسز کو گیس کی فراہمی بند ہونے کے باعث بجلی کی پیداوار میں کمی آئی ہے،ا ورشارٹ فال بڑھ کر 4ہزار میگاواٹ کے لگ بھگ ہو گیا ہے۔ این ٹی ڈی سی ذرائع کے مطابق بجلی کی پیداوار 13 ہزار جبکہ طلب 17 ہزار میگاواٹ ہے۔
سوئی ناردرن گیس کمپنی نے اورینٹ ہال مور، فاونڈیشن اور سفائرپاور ہاوسز کو گیس کی فراہمی بند کر دی ہے، جس سے شارٹ فال میں مزید 475 میگاواٹ کا اضافہ ہو گیا، لاہور میں 8 سے 10 گھنٹے جبکہ دیہات میں 15،15 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔
کمرشل اور صنعتی شعبے کو بھی 10،10 گھنٹے کی بندش کا سامنا ہے، پیپکو کے متعدد پاور ہاوسز پہلے ہی کم پیداوار دے رہے ہیں جس کی وجہ تیل اور فنڈز کی کمی بتائی جا رہی ہے، ماہرین نے خدشہ ظاہرکیاہے کہ آنے والے دنوں میں ہائیڈل پیداوار میں کمی کیباعث یہ بحران مزید بڑھ سکتا ہے۔