کراچی (جیوڈیسک) سندھ اسمبلی میں پیپلزپارٹی ایم کیو ایم کے اراکین کا صوبے میں غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کیا ہے، پیپلزپارٹی کے ارکان نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام سے ہونے والی زیادتی پر وفاقی حکومت سے احتجاج کیا جائے وگرنہ صوبے بھرمیں دھرنے دیے جائیں گے۔
ڈپٹی اسپیکرشہلارضا کی صدارت میں سندھ اسمبلی کا اجلاس جاری ہے،ایوان میں پیپلزپارٹی کے نواز چان ڈیواور ایم کیوایم کے محمد حسین دیگرنے سندھ میں طویل دورانیہ کی لوڈ شیڈنگ پراحتجاج کرتے ہوئے اسے وفاقی حکومت کا سندھ سے انتقام قراردیا۔
ارکان نے مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت وفاق سے احتجاج کرے اور سندھ کواس کے حصہ کی بجلی دلائے اگرلوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو دھرنے دیں گے ، ادھر مسلم لیگ نون کے عرفان اللہ مروت کا کہنا تھا کہ قائم علی شاہ شہباز شریف کی طرح جلوس نکالیں ہم ساتھ دیں گے۔
ٹھنڈے کمرے میں بیٹھنے والوں کو پتہ چلے کہ لوڈ شیڈنگ کیا ہے، سینئر صوبائی وزیر نثار کھوڑو نے اپوزیشن رکن کے ریمارکس پراستفسارکیا کہ کب جلوس نکالیں،ابھی چلیں۔صورتحال کشیدہ ہونے پرڈپٹی اسپیکرکی مداخلت سے صورتحال کنٹرول کرلی گئی ، ایک موقع پرارکان کے بے قابو ہونے پرڈپٹی اسپیکرنے اجلاس ملتوی کرنے کی بھی وارننگ دی۔