پاور لومز ورکرز کا ڈسٹرکٹ لیبر آفس کے باہر اپنے مطالبات کے حق میں مظاہرہ

Protest

Protest

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) لیبر قومی موئومنٹ پاکستان کے زیر اہتمام پاور لومز ورکرز نے ڈسٹرکٹ لیبر آفس کے باہر اپنے مطالبات کے حق میں مرکزی اور ضلعی صدور کی قیادت میں نہ صرف مظاہرہ کیا بلکہ اپنے مطالبات کا تحریری ڈیمانڈ نوٹس ڈی او لیبر کو دیا۔

تفصیلات کے مطابق پاور لوم ورکرز اور سائزنگ انڈسٹری کے مزدوروں نے لیبر قومی موئومنٹ پاکستان کے مرکزی صدر بابا عبدالطیف انصاری، ضلعی صدر چوہدری تنویر احمد اور نور خان بلوچ کی قیادت میں تھانہ صدر کے قریب ڈسٹرکٹ آفیسر لیبر کے آفس کے باہر اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔

اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ملکی دولت کو لوٹنے والے حکمران جوپاناما لیکس کی لسٹ میں شامل ہیں وہ غریب کو کیا دیں گے ،انہوں نے کہا کہ شریف برادران کا وطیرہ ہی یہ ہے یہ جب بھی ِ اقتدار کی کُرسی پر آئے انہوں نے پولیس کو استعمال کرتے ہوئے مخالفین اور مزدوروں پر ناجائز مقدمات بنوا کر اپنی حکومت چلاتے ہیںانہوں نے کہا کہ معاملہ پاناما لیکس کا نہیں بلکہ کرپشن کا ہے اور معاملہ آف شور کمپنیوں کا نہیں۔

بلکہ جو لوگ یہاں سے رقم باہر لے کر گئے ہیں وہ حلال یا حرام طریقہ سے کمائی گئی تھی ،بات سوچنے کی یہ ہے کہ شہباز شریف اسمبلی میں کہتے ہیںکہ میں غریب لوہار کا بیٹا ہوں مگر اس کا بھائی نواز شریف کہتا ہے کہ میں ارب پتی باپ کا بیٹا ہوں اب آپ بتائیں کس کی بات مانیں کس کی نہ مانیں ،اندازہ کرو ان حکمرانوں کا جنہوں نے ملک کو تو قرضوں تلے دبایا ہوا ہے اور انہوں نے ممبران اسمبلی کی تنخواہیں70ہزار سے4لاکھ 70ہزار کر دیں گئیں اور ان کو جولائی2015سے دی جارہی ہیں

مگر غریب مزدور اور دیگرمحکموں کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کرنا ان کو موت نظر آتی ہے انہوں نے اعلان کیا کہ عید الفطر سے قبل ہمارے جائز مطالبات جن میں جھنگ کے تمام پاور لومز ورکرز ( ویورز) بشمول تنخواہ دار ورکرز( وائینڈر مین، مُنشی، ماسٹر، چوکیدار اور بیم بھرتی ورکرز) کی موجودہ تنخواہوں /اُجرتوں میں کم از کم 50فیصد اضافہ کیا جائے ، جھنگ کے تمام پاور لومز ورکرز ( ویورز) بشمول تنخواہ دار ورکرز( وائینڈر مین، مُنشی، ماسٹر، چوکیدار اور بیم بھرتی ورکرز) کو سوشل سیکورٹی اور ای او بی آئیEOBIکارڈ جاری کیئے جائیں۔

تاکہ یہ ورکرز بھی ورکر ویلفیئر بورڈ کی سہولیات سے مستفید ہو سکیں اور پاورلوم ورکرز کو بھرتی لیٹرز (Appointtment Letters ) دیئے جائیں، پاورلومز فیکٹریوں ہیلتھ اینڈ سیفٹی کے قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے ایگزاسٹ فین، ایئر کولر،پینے کے صاف پانی وغیرہ کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے پاور لوم مشینوں کی صفائی و آئل دینے کیلئے الگ سے تمام فیکٹریوں میں صفائی میں/آئل مین تعینات کیئے جائیں۔

جھنگ کی سائزنگ انڈسٹری سے وابستہ ورکروں کی تنخواہوں میں حکومت پنجاب کے اعلان کے مطابق کم از کم اُجرت14000/-روپے و دیگر کی تنخواہوں میں اضافہ گزٹ نوٹیفکیشن 2016-17کے مطابق کیا جائے ،سائزنگ انڈسٹری سے وابستہ تمام مزدور وں کو سوشل سیکورٹی اور ای او بی آئیEOBIکارڈ جاری کیئے جائیں تاکہ یہ ورکرز بھی ورکر ویلفیئر بورڈ کی سہولیات سے مستفید ہو سکیں،سائزنگ ورکرز کو بھی بھرتی لیٹرز (Appointtment Letters ) دیئے جائیں، سائزنگ انڈسٹری کے مزدوروں کیلئے ہیلتھ اینڈ سیفٹی کے قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے ایگزاسٹ فین، ایئر کولر،پینے کے صاف پانی وغیرہ کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

سائزنگ انڈسٹری کے ورکرز سے ڈیوٹی تنخواہ کے مطابق8گھنٹے لی جائے۔ مقررین نے ضلعی انتظامیہ سے کہا کہ عیدالفطر سے قبل ان کے جائز مطالبات تسلیم نہ کیئے گئے تو پہلے مر حلے میں فیصل آباد ڈویژن بھر کے ورکرز فیصل آباد میں احتجاج کرتے ہوئے جھنگ روڈ بند کریں گے اور دوسرے مر حلے میں لاہور میں ”جاتی عُمرہ”کا گھیرائو کریں گے۔

اس موقع پربابا عبدالطیف انصاری، چوہدری تنویر احمد،نور احمد خان بلوچ، رانا زاہد صوفی اکبر علی سمیت دیگر نے خطاب کیا،احتجاج میں پاور لومز ورکرز ، سائزنگ ورکرز، بینڈر ورکرزنے کثیر تعداد میںشرکت کی اور مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میں بینرز اُٹھا رکھے تھے۔