اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہا گروہ اقتدار میں ہوتے تو کبھی قبائلی علاقوں میں فوج نہ بھجواتے، قبائلی عوام کے ذریعے ہی امن قائم کرادیتے ، 200 ایماندار اور باصلاحیت افراد مل جائیں تو ملک درست سمت میں چل پڑے گا، 85 افراد کی فہرست تیار کر لی ہے۔ برسر اقتدار آئے تو سب سے پہلے گورنر ہاؤس لاہور کی دیواریں گرائیں گے۔ اسلام آباد میں دھرنے کے شرکا سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ان سے متعلق اشتہار چلانے پروہ میاں صاحب کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور جو کہتے ہیں وہ سخت زبان استعمال کرتے ہیں انھیں آئندہ چور صاحب اور ڈاکو صاحب کہا کروں گا۔
انھوں نے کہا کہ اگروہ اقتدار میں ہوتے تو کبھی قبائلی علاقوں میں فوج نہ بھجواتے ،قبائلی عوام کے ذریعے ہی امن قائم کرا دیتے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ برسر اقتدار آئے تو سب سے پہلے گورنر ہاؤس لاہور کی دیواریں گرائیں گے، کیونکہ یہ غلامی کا احساس دلانے کے لیے بنایا گیا تھا، پشاور اور کوئٹہ کے گورنر ہاؤس میں خواتین کے لیے پارک بنائیں گے اور گورنر ہاوس کراچی میں کھیلوں کے گراونڈ اور میوزیم بنائیں گے۔ برسر اقتدار آئے تو اپنے نام پر اثاثے نہ رکھنے والوں کی جائیدادیں ضبط کرلیں گے۔