اسلام آباد (جیوڈیسک) نیپرا نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی 2 روپے 97 پیسے سستی کرنے کا فیصلہ نومبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔
جنوری کے بلوں میں صارفین کو 19 ارب روپے کا ریلیف ملے گا۔ نیپرا کے مطابق نومبر میں صارفین کو 6 ارب 53 کروڑ یونٹ بجلی فروخت کی گئی، بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں کو کہا گیا ہے کہ وہ جنوری میں صارفین کو مکمل ریلیف فراہم کریں۔
دوسری جانب یکم جنوری سے گیس 10فیصد سے 64فیصد تک مہنگی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزارت پیٹرولیم کے حکام کے مطابق صنعتی صارفین کے لیے گیس 53فیصد جبکہ کمرشل صارفین کے لیے18فیصد مہنگی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسی طرح کھاد کارخانوں کے لیے گیس 64 فیصد مہنگی کرنے جبکہ کیپٹو پاور پلانٹس کے لیے گیس کی قیمتوں میں 30 فیصد اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
گھریلو صارفین کے لیے گیس کی قیمتوں میں 10سے 16فیصد اضافہ کیا جا رہا ہے۔ گیس کی قیمتوں میں اضافے کی حتمی منظوری وزیر اعظم سے لی جائے گی جس کے بعد یکم جنوری سے اس کا اطلاق ہو جائے گا۔