بجلی کی بندش، جہانگیر روڈ پر دوسرے روز بھی احتجاج

Protests

Protests

کراچی (جیوڈیسک) بجلی کی طویل غیر اعلانیہ بندش پر جہانگیر روڈ اور اس سے متصل علاقوں کے مکینوں کا احتجاج دوسرے روز بھی جاری رہا، مظاہرین نے ہنگامہ آرائی اور ٹائر نذر آتش کر کے جہانگیر روڈ کو بند کردیا۔ تفصیلات کے مطابق جمشید کوارٹر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل غیر اعلانیہ بندش پر علاقہ مکین مشتعل ہو گئے اور ہفتے کے روز جہانگیر روڈ پر جمع ہو کر احتجاج شروع کر دیا۔

اس دوران مشتعل افراد نے ٹائر نذر آتش کرنے کے ساتھ ساتھ گاڑیوں پر پتھراؤ بھی کیا جس کے نتیجے میں تین ہٹی سے گرومندر آنے والی سڑک اور پٹیل پاڑہ سے گرومندر آنے والی سڑک پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ ٹریفک جام کے باعث گاڑیوں میں موجود مسافروں کو شد ید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔

احتجاج میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور ایک گھنٹے کی سخت جدوجہد کے بعد مظاہرین کو منتشر کر کے سڑک کو ٹریفک کے لیے کھول دیا۔