اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ پائیدار ترقی کے اہداف کا حصول اور توانائی کے شعبے کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
بجٹ ویبنار سے خطاب کرتے ہوئے شوکت ترین کا کہنا تھا کہ ملکی پیداواری صلاحیت میں اضافہ معاشی استحکام میں معاون ثابت ہوگا،زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ معاشی بہتری کا عکاس ہے۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آئندہ بجٹ میں زرعی شعبے کےلیے مراعات دیں گے، ٹیکس دینے والوں کےلیے ٹیکسوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا، وزيراعظم نے عوام سے وعدہ کیا ہےکہ ہم مستقبل قریب میں بجلی کی قیمتیں نہیں بڑھارہے ،عوام پہلے ہی بہت مہنگی بجلی خرید رہے ہيں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کی جانب سے ہراسانی کے واقعات کی روک تھام کے لیے یونیورسل سیلف اسیسمنٹ اور تھرڈ پارٹی آڈٹ کا نظام لایا جائے گا۔
شوکت ترین کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے معیشت کی بحالی کیلیے بڑے فیصلے کیے ، روپے کی قدر میں اضافے کیلیے ترجیحی اقدامات کیے، کسان دوست پالیسیوں کی وجہ سےزراعت کا شعبہ ترقی کی طرف گامزن ہے۔