اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں استعفے قبول نہ کرنے کا ڈرامہ چل رہا ہے۔ سپیکر ہمارے استعفے روکنے والے کون ہیں؟۔
مولانا فضل الرحمان اسلام کے ٹھیکیدار بن کر سیاست کر رہے ہیں۔ دھرنے سے خطاب میں عمران خان نے قوم کو پٹرول کی قیمت میں کمی پر مبارک دی۔ انھوں نے کہا کہ 30 نومبر کے جلسے میں اب بجلی کی قیمت کم کرنے کا مطالبہ کریں گے۔ عمران خان نے سپیکر قومی اسمبلی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
انھوں نے 7 نومبر کو سپیکر کے خلاف عدالت میں جانے کا بھی اعلان کیا۔ چیئرمین تحریک انصاف نے پاکستان سٹیل کی نجکاری کی مخالفت کی۔ انھوں نے کہا کہ کبھی نفع میں جانے والی پاکستان سٹیل اب 230 ارب روپے خسارے میں ہے۔ عمران خان نے اپنی جماعت کے رضا کاروں کو ہدایت کی کہ وہ تحریک انصاف کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔ تحریک انصاف کے قائد آج رات ساڑھے سات بجے پھر دھرنے کے شرکا سے خطاب کریں گے۔