کراچی (جیوڈیسک) کراچی قائم مقام چیئرمین نیپرا خواجہ محمد نعیم نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں پر نظر ثانی کا عمل ایک ہفتے میں مکمل کر لیں گے اور کوشش کی جائے گی جتنا زیادہ ہو سکے صارفین کو ریلیف دے سکیں۔ ذرائع سے گفتگو میں قائم مقام چیئر مین نیپرا نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں پر نظر ثانی سے متعلق وزارت پانی وبجلی کی درخواست پر پیر سے کام شروع کر دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ نیپرا صارفین کو ریلیف دینے کیلئے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی مالی سال 2012 -13 کی ٹیرف درخواستوں پر نظرثانی کے ساتھ ساتھ ان کمپنیوں کی 2013 -14کی ٹیرف درخواستوں کا جائزہ بھی لے گی۔ ایک سوال پر کہ صارفین کو کتنا ریلیف مل سکے گا ان کا کہنا تھا اس بارے میں ابھی کچھ کہنا قبل ازوقت ہے، سپریم کورٹ آف پاکستان کی طرف سے بجلی قیمتوں کا نوٹس لینے کے بعد وزارت پانی وبجلی نے معاملہ نظر ثانی کیلئے نیپرا کو بجھوادیا تھا۔