پشاور (جیوڈیسک) عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یارولی خان کا کہنا ہے کہ طاقت کے بلبوتے پر وزیراعظم سے استعفیٰ نہیں لیا جاسکتا جبکہ عمران خان کا وزیراعظم سے استعفی مانگنا غیر آئینی ہے اور ہرغیر آئینی کام روکنے کے لئے اے این پی سب سے آگے ہو گی۔
پشاور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اسفند یار ولی کا کہنا تھا کہ احتجاج کرنا عمران خان کا بنیادی حق ہے لیکن پارلیمنٹ پر چڑھائی کا حق کسی کو نہیں اور اس قسم کے اقدامات سے وزیراعظم کا استعفیٰ نہیں لیا جاسکتا، عمران مرکز میں مینڈیٹ کا احترام کریں ہم خیبرپختونخوا میں ان کے مینڈیٹ کا احترام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے استعفے کا آئینی راستہ صرف یہ ہے کہ وزیراعظم خود صدر کو لکھیں کہ مرکزی اسمبلی ختم کر دیں تاہم مڈٹرم الیکشن غیرآئینی طریقے سے ہوئے تو سب سے بڑی رکاوٹ اے این پی ہوگی، ہمیں کپتان چپ نہیں کرا سکتے، اس مٹی اورقوم کا ہم پر حق ہے۔
سربراہ اے این پی کا کہنا تھا کہ ٹارگٹ کلنگ میں ہمارا کوئی بھی رہنما یا ورکر شہید ہوا تو احتجاج کریں گے، جو وزیر خود بھتا دیتے ہیں وہ ہماری جان کیسے چھڑا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ پاک فوج نے حالیہ مسئلے کو سیاسی مسئلہ قرار دے دیا اور فوجی قیادت نے خود کہا کہ سیاستدان مل بیٹھ کو خود مسئلے کا حل تلاش کریں جبکہ بجلی کے زائد بلوں کے حوالے سے اسفند یار ولی کا کہنا تھا کہ اووربلنگ کا مسئلہ سنگین مسئلہ ہے کیا اس معاملے میں حکومت بری الذمہ ہے۔