کراچی (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کا بجلی کے نرخوں میں مزیداضافہ عوام کے لیے عید کا خوفناک تحفہ ہے۔ کراچی میں بلاول ہاوس سے جاری بیان میں پیپلز پارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر پانی و بجلی کی نئی پاور پالیسی کا اعلان عوام کے لیے پھانسی کا اعلان ہے۔
ترجمان پیپلز پارٹی نے کہا کہ وفاقی وزیر خواجہ آصف نے بجلی کی چوری کا الزام بھی عوام پر عائد کر کے بددیانتی اور نا انصافی کی ایک نئی مثال قائم کردی ہے۔ ترجمان پیپلز پارٹی نے کہا کہ بجلی کی چوری کو روکنے کی ذمہ داری عوام پر نہیں حکومت پر عائد ہوتی ہے۔
رمضان المبارک کے دوران حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں دو سو فیصد سے بھی زائد اضافہ ہوا ہے۔ ترجمان پیپلز پارٹی نے کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے کچھ گھنٹے بعد ہی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کے سروں پر معاشی بم گرادیا ہے۔