بجلی کا شارٹ فال 5300 میگاواٹ، 14 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ

Load Shedding

Load Shedding

لاہور (جیوڈیسک) صوبائی دارالحکومت میں گزشتہ روز بھی بجلی کی علانیہ اور غیر علانیہ بندش کا سلسلہ جاری رہا۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے شہریوں کے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے۔ این ٹی ڈی سی کے مطابق گزشتہ روز ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار 11 ہزار 300 میگاواٹ جبکہ طلب 16 ہزار 600 میگاواٹ ریکارڈ کی گئی۔

جس کے باعث بجلی کی قلت 5300 میگاواٹ رہی۔ بجلی کی طلب اور پیداوار میں فرق کے باعث گزشتہ روز شہری علاقوں میں 7 سے 8 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 14 گھنٹے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کی گئی۔ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اور اووربلنگ پر گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین یکساں تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔

کاروباری طبقے نے کہا کہ پاکستان میں بجلی کے نرخ خطے کے تمام ممالک سے زیادہ ہیں، جس کی وجہ سے مہنگائی بڑھ رہی ہے، بجلی بحران کے باعث ان کی پیداواری لاگت مسلسل بڑھ رہی ہے، جس کے باعث ان کیلئے آرڈر پورے کرنا اور کاروبار جاری رکھنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔