بجلی گھروں کو گیس فراہمی، پنجاب میں سی این جی سٹیشن ہفتے میں پانچ روز بند رہیں گے

CNG

CNG

لاہور (جیوڈیسک) بجلی گھروں کو گیس کی فراہمی کیلئے سی این جی سٹیشنز کا شیڈول بھی تبدیل کر دیا گیا، پنجاب میں دو دن بدھ اور اتوار کو چوبیس گھنٹے کیلئے گیس ملے گی۔ حکومت نے بجلی کی لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کیلئے ہنگامی اقدامات کرنا شروع کر دیئے۔ بجلی گھروں کو گیس کی فراہمی کا شیڈول تبدیل کر دیا گیا ہے۔ پیداوار بڑھانے کیلئے بجلی گھروں کو چھ کروڑ کیوبک فٹ گیس بھی فراہم کر دی گئی ہے جس کے بعد سی این جی سٹیشنز کا شیڈول بھی تبدیل کر دیا گیا۔

ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ مئی میں پنجاب کے سی این جی سٹیشن پانچ روز بند ہوں گے جس کا نوٹی فکیشن سوئی ناردرن نے جاری کر دیا ہے۔ اب پنجاب میں سی این جی سٹیشن صرف دو دن کھلیں گے ۔ اتوار اور بدھ کو 24 گھنٹے کیلئے سی این جی سٹیشنوں کو گیس فراہم کی جائے گی۔چیئرمین آل پاکستان سی این جی ایسو سی ایشن غیاث پراچہ کے مطابق آج صوبے بھر میں سی این جی سٹیشنز بند کر دیئے گئے ہیں، نیا شیڈول 31 مئی تک جاری رہے گا۔