اسلام آباد (جیوڈیسک) شہر اقتدار سے جاری کردہ ایک بیان میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ دس ہزار میگا واٹ بجلی کی پیداوار سے توانائی بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
سی پیک کے پہلے مرحلے میں پاکستان کے موجودہ روڈ نیٹ ورک اپ گریڈ کئے اور مغربی روٹ کے مسنگ لنکس تعمیر کئے جائیں گے۔ اس طرح گوادر سے پاکستان کے شمالی علاقوں کے ذریعے چین کے مغربی حصے تک تجارتی سامان کی نقل و حمل کے لئے مختصر اور محفوظ راستہ بھی میسر ہو گا۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان اور چین منصوبے پر تیزی سے کام کر رہے ہیں اور ایک دوسرے کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں، پاکستانی قوم منصوبے کی تکمیل کے لئے متحد ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کی سیاسی قیادت، سویلین حکومت اور عسکری قیادت اس منصوبے کی تکمیل کے لئے پرعزم ہیں۔