وزیرآباد: بجلی چوروں کی ایس ڈی او واپڈا کو جان سے مارنے کی دھمکیاں ، میری جان کو خطرہ ہے اگر کچھ ہوا تو مقامی پولیس ذمہ دار ہوگی، ایس ڈی او ۔ ایس ڈی او واپڈا سب ڈویژن نمبر1گیپکو عبدالوحید خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے 14اپریل 2016ء کو سٹاف محمد اسلم گھمن لائن سپرنٹنڈنٹ، افتخار احمد میٹر ریڈر، محمد رمضان لائن مین، محمد اکرم لائن مین کے ہمراہ بھروکی چیمہ میں بجلی چوری کرنے والے دو افراد وقار احمد ولد ادریس چیمہ، شہزاد احمد چیمہ ولد ادریس چیمہ کو ڈائریکٹ تاریں لگا کر 15ایکڑ رقبہ کے فش فارم کی موٹروں پر بجلی چوری کرتے رنگے ہاتھوں پکڑا اور موقعہ سے مال مقدمہ قبضہ میں لیکر پولیس تھانہ صدر کو چوری کے متعلق تحریری طور پر اطلاع دی جس پر پولیس نے بجلی چوری کرنے والے دونوں افراد کے خلاف نئے آرڈیننس کی دفعہ462-L کیمطابق مقدمہ درج کرنے کی بجائے 39-A الیکٹریسٹی ایکٹ دفعات لگائیں اوربعدازاں یکطرفہ کاروائی کرتے ہوئے واپڈا ملازمین کو تفتیش کیلئے بلائے بغیر مقدمہ خارج کرنے کا عندیہ دے دیا۔
ایس ڈی او واپڈااور ساتھیوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس ملزمان کی پشت پناہی کررہی ہے رنگے ہاتھوں پکڑے جانے والے ملزمان کو ملی بھگت سے بے گناہ قرار دینے والے پولیس اہلکار قانون شکن افراد کے مکروہ عزائم کو تقویت دے رہے ہیں جبکہ ملزمان ہمیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہے ہیںایس ڈی او عبد الوحید خان نے کہا کہ ملزمان نے بجلی چوری کرکے محکمہ کو10 لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا ہے ملزمان نے اگرمجھے یا میرے ساتھیوں کو کوئی نقصان پہنچایا تو مقامی پولیس اس کی ذمہ دار ہوگی۔ واپڈا ملازمین نے اعلیٰ پولیس حکام سے بجلی چوری کے مقدمہ میں ملوث افراد کو ناقص ،یکطرفہ تفتیش کے ذریعے بے گناہ قرار دینے والے تفتیشی سب انسپکٹر کو نوکری سے فارغ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے بجلی چوروں کو قانون کے مطابق سزا دلوانے کا مطالبہ کیا ہے۔ واپڈا ملازمین کا اس موقعہ پر کہنا تھا کہ اگر پولیس نے بجلی چوروں کو سزا دلوانے میں اپنا درست کردار ادا نہ کیا واپڈا ملازمین احتجاج پر مجبور ہوں گے دفاتروں کی تالہ بندی کے علاوہ واپڈا یونین سڑکوں پر آنے سے بھی گریز نہیں کرے گی۔