وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) ملکی ترقی اور مجموعی صورتحال میں بہتری کے جھوٹے وعدوں پر باری باری اقتدار سنبھالنے والوں نے ملک کو دیمک کی طرح چاٹ کر کھوکھلا کر دیا ہے۔ ملکی خزانے پر قرضوں کا بوجھ جبکہ نام نہاد خدمتگاروں کے کاروبار پھیل کر دگنے چوگنے ہیں۔
قومی خزانہ کو نقب لگا کر اربوں کھربوں کے اثاثوں کے مالک بن جانے والوں کی بے جا حمایت کرنے کا سلسلہ بند نہ ہوا تو یہ ملک آئندہ100سال تک بھی ترقی نہیں کرسکے گا۔ ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف وزیر آباد کے رہنما احمد فراز خان لودھی ایڈووکیٹ نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے دھاندلی سے اقتدار حاصل کرنے والے ٹولہ کیخلاف ثابت قدم رہ کر باور کروادیا ہے کہ وہ اصولوں پر سمجھوتہ کرنے کے قائل نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جگہ کوئی بھی اور نام نہاد لیڈر ہوتا تو وہ موجودہ حکمرانوں کیساتھ سودے بازی کر کے اسی اقتدار کا حصہ بن چکا ہوتا، پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کی باریوں نے اس ملک کو بربادی کے سوا کچھ نہیں دیا۔انتخابی مہمات میں چیخ چلا کرایک دوسرے کا گریبان پھاڑنے کی آوازیں نکالنے والے در حقیقت ایک دوسرے کی کرپشن کے محا فظ ہیں ۔عمران خان کا دامن ہر طرح کی کرپشن سے پاک ہے اور وہ قوم کی حقیقی خدمت کیلئے میدان عمل میں ہیں ۔23نومبر کو گوجرانوالہ ضلع کی باشعور عوام عمران خان کے جلسہ میں بھرپور شرکت کرکے حکمرانوں کو یہ بات باور کروادے گی کہ اب ان کا جانا ہی بنتا ہے۔
احمد فراز لودھی نے کہا کہ وہ اپنے ساتھیوں کی بھاری تعداد کیساتھ گوجرانوالہ جلسہ میں شمولیت اختیار کریں گے۔ انہوں نے نوجوانوں سے گزارش کی کہ اگر وہ پاکستان کو کرپشن سے پاک اور ترقی یافتہ ممالک کی صف میں دیکھنا چاہتے ہیں تو موروثی نام نہاد جمہوریت سے نجات حاصل کرکے عمران خان کا ساتھ دیں۔ انشاء اﷲ وہ وقت دور نہیں جب ملک کو لوٹنے والوں کا کڑا احتساب ہوگا اور ان سے ملکی خزانہ کی لوٹی ہوئی ایک ایک پائی وصول کی جائے گی۔