اسلام آباد (جیوڈیسک) سنٹرل پاوور پرچیزنگ ایجنسی نے بجلی کی قیمتوں میں اکتیس پیسے فی یونٹ تک کمی کی پٹیشن نیپرا کو جمع کرا دی ہے جسکی سماعت آج ہو گی۔ نیپرا حکام کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں کمی کے ای ایس سی کے علاوہ بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں کے لئے ماہانہ فیول ایڈ جسٹمنٹ کی مد میں ماہ اگست کے لئے طلب کی گئی ہے۔
سی پی پی اے کی درخواست کے مطابق اگست کے دوران کوئلے سے بجلی کی پیداواری لاگت تین روپے اکسٹھ پیسے، ہائی سپیڈ ڈیزل سے بجلی کی لاگت اکیس روپے پندرہ پیسے اور فرنس آئل سے پیداواری لاگت پندرہ روپے اڑتالیس پیسے فی یونٹ رہی جبکہ گیس سے بجلی کی پیداواری لاگت چار روپے چھیانوے پیسے، نیوکلیئر بجلی کی پیداواری لاگت ایک روپیہ بتیس پیسے اور ایران سے درآمدی بجلی کی قیمت دس روپے سترہ پیسے فی یونٹ رہی۔
ماہ اگست کے دوران بجلی کی مجموعی پیداوار میں پن بجلی کا حصہ چالیس فیصد سے زائد رہا جسکے باعث پیداواری لاگت میں مجموعی طور پر کمی ہوئی۔جبکہ سولہ پیسے فی یونٹ کے حساب سے بجلی لائن لاسز کی نذر ہوئی۔ نیپرا کے مطابق سی پی پی اے کی پٹیشن کی سماعت کل ہو گی۔