بجلی کے وولٹیج میں کمی بیشی لاکھوں روپے کے برقی آلات جل گئے

Electricity

Electricity

میرپور خاص (جیوڈیسک) میرپور خاص میں بجلی کے و ولٹیج میں کمی بیشی سے شہر یوں کے قیمتی برقی آلات جل گئے دوسری جانب اندرون سندھ بجلی کی طویل دورانیے کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق میرپورخاص میں بار بار بجلی کی فراہمی میں تعطل اور وولٹیج میں کمی بیشی کی وجہ سے صارفین کے پنکھے، استریاں، پانی کی موٹریں، فریج اور دیگرقیمتی برقی آلات جل گئے ہیں، جس کی وجہ سے صارفین کو لاکھوں روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، وولٹیج میں کمی بیشی اور بجلی کی فراہمی میں تعطل روز کا معمول بن چکا ہے، گزشتہ ایک ماہ سے یہ سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث شہری پریشانی کا شکار ہیں۔

اس سلسلے میں میرپورخاص کے گرڈ اسٹیشن سے کئی با ر رابطہ کیا گیا لیکن مسئلہ حل نہیں ہوسکا ہے۔ دریں اثناء نوشہروفیروز میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ اور گیس پریشر میں کمی سے تنگ شہریوں اور تاجر برادری نے پریس کلب نوشہروفیروز کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا ، اس موقع پر کامران اجن، خلیل میمن، رحمٰن مغل، عبدالشکور شيخ اور دیگر نے کہا کہ بجلی اور گیس کی اعلانیہ وغیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں اور تاجر برادری کو مشکلات میں مبتلا کردیا ہے، بجلی کی لوڈشیڈنگ ہوتے ہی گیس کا پریشر بہت کم ہوجاتا ہے۔

جسکے سبب گھروں میں کھانا پکانے ميں مشکلات ہوتی ہیں، حکومت کی جانب سےصرف 6گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کرنے کا شیڈول دیا گیا ہے لیکن یہاں 14سے 16گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔بھان سعیدآباد میں طویل لوڈشیڈنگ نے عوام کوعذاب میں مبتلا کردیا ہے ، 20 گھنٹے بجلی بند ہونے کے باعث بجلی پر چلنے والا کاروبار متاثر ہورہا ہے، جبکہ علاقہ مکین راتیں جاگنے پر مجبور ہوگئے ہیں،بجلی بند ہونے کے باعث شہر بھر میں پینے کے پانی کی بھی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے اور برف کے کارخانے بند ہونے کے باعث شہر بھر میں برف کی بھی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے، بجلی بندش کے باعث شہر میں آٹے کا بحران بھی پیدا ہوگیا ہے۔

اس سلسلے میں جسقم کے تعلقہ صدر کاک محمد لغاری، مسلم لیگ ن کے علی نواز سیہڑو، ہیومن رائٹس کے عرس سولنگی اور خادم جلبانی ، جے یو پی نورانی گروپ کے علامہ محمد معشوق مجددی کی قیادت میں پانچویں روز بھی شہریوں نے احتجاجی مظاہر ہ کرکے پریس کلب کے سامنے دھرنا دیا، دوسری جانب سپرنٹنڈنٹ انجینئر سیپکو محمد خان سومرو نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ بھان سعیدآباد میں بجلی کی چوری زیادہ ہے اور بلوں کی ادائیگی بھی نہیں ہورہی جس کے باعث لوڈشیڈنگ میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ جیکب آباد میں پیپلز پارٹی شہید بھٹو کے کارکنوں نے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کےخلاف ضلعی دفتر سے ندیم قریشی ،منظور بھٹو اور دیگر کی قیادت میں ریلی نکالی، مظاہرین نے کہا کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ بند کی جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کردیا جائے گا۔