بعض قوتیں پاکستان علماء کونسل کے سیاسی میدان میں آنے سے خوفزدہ ہیں۔ طاہر محمود اشرفی

Lahore

Lahore

لاہور: بعض قوتیں پاکستان علماء کونسل کے سیاسی میدان میں آنے سے خوفزدہ ہیں۔ آئندہ الیکشن میں ثابت کریں گے پاکستان میں مذہبی قوتوں کے بغیر کوئی تبدیلی نہیں لائی جا سکتی۔یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے لاہور میں مختلف مکاتب فکر علماء و مشائخ سے ملاقات کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر مولانا محمد مشتاق لاہوری، مولانا اسلام الدین ،مولانا اسلم قادری ،مولانا عبد القیوم،حافظ قاسم اسامہ ودیگر علماء بھی موجود تھے۔

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل ایک مذہبی و سیاسی قوت کے طورپر ابھر رہی ہے۔بڑے بڑے جلسے کرنے والے پاکستان علماء کونسل سے خوفزدہ نہیں تو پھر انکے جلسوں ہدف پاکستان علماء کونسل ہی کیوں ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل محرم الحرام سے قبل تمام مکاتب فکر سے مشاورت کررہی ہے اور انشاء اللہ 22اکتوبر کو پاکستان علماء کونسل کی مرکزی مجلس شوریٰ کا اجلاس ہوگا۔

اجلاس کے بعد تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ کنونشن میں متفقہ ضابطہ اخلاق پیش کریں گے۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان کے اندر حزب اللہ اور داعش جیسی تنظیموں سے ملحق لوگوں کا آجانا پوری قوم کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔اگر حکومت ،مذہبی و سیاسی قوتوں نے اس پر توجہ نہ دی تو مستقبل میں اسکے خوفناک اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔