حلقہ پی پی 110 کے مرکزی قصبہ کنجاہ کو دیہاتوں سے ملانے والا ہر روڈ خستہ حالی کا شکار

کنجاہ : حلقہ پی پی 110 کے مرکزی قصبہ کنجاہ کو دیہاتوں سے ملانے والا ہر روڈ خستہ حالی کا شکار ہے۔ ساروکی کو کنجاہ سے ملانے والا غازی چوک والا روڈ ، سمن پنڈی کو کنجاہ سے ملانے گوندل چوک روڈ، ناگریانوالہ، مچھیانہ کو کنجاہ سے ملانے والا ناگریانوالی چونگی روڈ، ڈنگہ روڈ، جھیورانوالی موڑ، تھانہ کنجاہ سے شادیوال روڈ، چوکنانوالی روڈ انتہائی خستہ خالی کا منظر پیش کر رہے ہیں۔

سرکلر روڈ کنجاہ بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ ٹوٹی پھوٹی سڑکیں حکمرانوں کے بے حسی یا بے بسی پر نوحہ کناں ہیں۔ تمام دیہاتوں کے سینکڑوں لوگ جو روزانہ کنجاہ سے خرید و فروخت کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے مریضوں کو کنجاہ لے کر آتے ہیں تو انتہائی مشکلات سے دوچار ہونے کے باوجود حکومتی ایوانوں میں براجمان ایلیٹ کلاس حکمرانوں کو سوائے کوسنے کے کچھ نہیں کر سکتے۔

حیرت کی بات تو یہ ہے کہ یہاں کے حکومتی پارٹی کے رہنما بھی عوامی مسائل پر چپ سادھے ہوئے ہیں۔ اس وقت تمام انتظامی ادارے عوام سے صرف ٹیکس اکٹھے کرنے میں مصروف نظر آتے ہیں جبکہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے کے لیے کنجاہ کا نام شاید کسی بھی فہرست میں درج نہیں کیا گیا۔

عوامی حلقوں نے ایک بار پھر ضلعی حکومت اور مسلم لیگ ن کے لیڈران سے بھر پور مطالبہ کیا ہے کہ کنجاہ کی سڑکوں کی طرف بھی توجہ دی جائے اور ان کی تعمیر و مرمت کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔ ورنہ عوام احتجاج پر مجبور ہو گی۔