کراچی (جیوڈیسک) پیپلزپارٹی کے رہنما عبدالقادر پٹیل نے رینجرز کی تفتیش کے دوران سنسنی خیز انکشافات کرتے ہوئے اپنی پارٹی قیادت پر سنگین الزامات عائد کردیئے ہیں۔
پیپلز پارٹی کے رہنما عبدالقادر پٹیل نے رینجرز کی تفتیش کے دوران سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں، انہوں نے اپنی ہی پارٹی کی قیادت پر الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کے رہنما گینگ وار کی سرپرستی کرتے ہوئے ان سے غیرقانونی کام کرواتے تھے۔
ذرائع کے مطابق تفتیشی اداروں کے سامنے بیان دیتے ہوئے قادر پٹیل نے کہا کہ پولیس افسر، ایڈمنسٹریٹر، سابق سینیٹر گینگ وار کے لیے کام کرتے تھے جب کہ ایس پی فاروق اعوان، انسپکٹر چاند نیازی اور انسپکٹر جاوید بلوچ کے بھی عزیر بلوچ سے رابطے میں تھے۔ انہوں نے کہا کہ گینگ وار پی پی رہنما کے حکم پر زمینوں پر قبضہ کرتے تھے، نادرن بائی پاس پر زمینوں پر قبضے سابق ایڈمنسٹریٹر لیاری سے مل کر کروائے جب کہ 250 ایکٹر زمین قبضہ کرکے پیپلزپارٹی کے اعلیٰ رہنما کو دی۔ قادر پٹیل نے انکشاف کیا کہ اراضی پر قبضے پروٹوکول افسر خالد کے ذریعے کیے گئے جب کہ پی پی کے اعلیٰ رہنما کے حکم پر عزیربلوچ، بابا لاڈلا سے قتل کرائے۔