لاڑکانہ (جیوڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما سردار ممتاز علی خان بھٹو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے عوام کو بھوک و افلاس کے سوا کچھ نہیں دیا، زرداری کی سیاست صرف لوٹ مار کے اصولوں پر مبنی ہے، جس سے بیزار ہو کر بلاول بھی ملک چھوڑ کر چلا گیا ہے، کرپٹ بیورو کریسی اور پولیس نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے میرپور بھٹو میں ملاقات کیلئے آئے نوڈیرو کے مکینوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں گزشتہ سال سے آئین، عدلیہ اور شرافت کے تمام اصول پامال کیے گئے اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے، جگہ جگہ لوگ زرداری کی زیادتیوں کیخلاف احتجاج کرتے نظر آتے ہیں
انہوں نے مزید کہا کہ وفاق میں مسلم لیگ ن کی حکومت قائم ہونے کے بعد ہمیں لگا تھا کہ شاید اب عوام اس عذاب سے چھٹکارہ پالیں گے لیکن دونوں جماعتیں ادھر ہم ادھر تم کے مصداق حکومت کرنے میں مصروف ہیں، اس موقع پر نوڈیرو کے شہریوں نے ممتاز بھٹو سے پولیس اور مختار کاروں کی زیادتیوں کے متعلق شکایات کیں، شہریوں کا کہنا تھا کہ ان کی املاک پر قبضے کیے جا رہے ہیں۔