لاہور (جیوڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ نیب کے چئیرمین کی تقرری کا طریقہ کار غلط ہے، کرپشن میں ملوث فرد پر دہشت گردی کا مقدمہ چلنا چاہیے۔
منصورہ لاہور میں اراکین جماعت اسلامی کی مرکزی تربیت گاہ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ نیب پوری ایمانداری سے اپنا کام سر انجام نہیں دے رہا، اربوں کی کرپشن کرنے والوں سے لاکھوں لے کر پاک صاف کیا جا رہا ہے جو بڑی کرپشن ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ کرپشن چھپانے کے لیے پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے آپس میں مک مکا کیا ہوا ہے، پہلے ن لیگ اب پیپلزپارٹی فرینڈلی اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے۔
اس موقع پر سینیٹر سراج الحق نے اعلان کیا کہ کرپشن فری مہم کو قومی مہم بنائیں گے، انہوں نے اسمبلی میں قانون سازی کروانے اور عوامی دھرنے دینے کا اعلان کیا اور سٹیس کو مسٹ گو کے نعرے بھی لگوائے۔